سیاسیات۔ لبنان کی سرحد کے قریب اسرائیلی قصبے میٹولا میں اسرائیلی وزیراعظم کی آمد سے قبل ڈرون حملے کے بعد نیتن یاہو کو سرحد پر فوجیوں سے ملاقات کیلئے طے شدہ دورہ منسوخ کرنا پڑ گیا۔
اسرائیلی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو لبنانی سرحد کے قریب اسرائیلی قصبے میٹولا کے دورے کیلئے روانہ ہو چکے تھے، تاہم ان کے مقررہ مقام تک پہنچنے سے قبل میٹولا میں ایک ڈرون پھٹ گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم کے دورے کیلئے مقررہ وقت سے 20 منٹ قبل ڈرون دھماکے سے پھٹ گیا۔
حزب اللہ کے ڈرون حملے کے بعد اسرائیلی وزیراعظم نے لبنانی سرحد کے قریب اسرائیلی قصبے میٹولا میں فوجیوں سے ملاقات کیلئے طے شدہ اپنا دورہ منسوخ کردیا۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوج کو لبنان میں زمینی کارروائی کے دوران حزب اللہ کے مزاحمت کاروں کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا ہے۔
حزب اللہ نے اسرائیلی فوجیوں کو گائیڈڈ میزائل سے نشانہ بنانے کی بھی ویڈیو جاری کردی ہے۔
ادھر جنوبی لبنان میں اسرائیل کے فضائی حملوں میں دو میڈیکل ورکرز سمیت متعدد شہری شہید ہو گئے جبکہ غزہ میں اسرائیلی افواج نے 24 گھنٹوں میں مزید 35 سے زائد فلسطینیوں کو قتل کردیا۔
غزہ کی کمال عدوان اسپتال کے چلڈرن وارڈ پر اسرائیلی ٹینکوں کی گولہ باری میں بھی کئی افراد زخمی ہوگئے۔
اقوام کے ادارے یونیسیف کے مطابق دو روز میں اسرائیلی فوج کے حملوں میں غزہ میں 50 سے زیادہ بچے شہید کردیے گئے۔
اقوام متحدہ نے شمالی غزہ کی تمام آبادی کے بیماریوں اور قحط سے مرنے کا خدشہ ظاہر کردیا ہے۔