سیاسیات- حزب اللہ نے سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی شدید مذمت کی ہے۔
بدھ کی شام سوئیڈن کے دار الحکومت اسٹاک ہوم میں ایک سوئیڈش انتہا پسند 37 سالہ شخص سیلوان مومیکا نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر اس شہر کی مرکزی مسجد کے سامنے قرآن پاک کے ٹکڑے ٹکڑے کر کے نذر آتش کر دیا، اس جرم کے لئے سوئیڈن کی پولیس نے اس اسلام مخالف مظاہرے کا اجازت نامہ جاری کیا۔
حزب اللہ نے اپنے بیان میں کہا: “حزب اللہ اسٹاک ہوم کی مسجد کے سامنے قرآن پاک کو پھاڑنے اور نذر آتش کی شدید مذمت کرتی ہے اور سوئیڈش حکام کو اس جرم میں شریک سمجھتی ہے، کیونکہ انہوں نے مظاہرین کے ارادوں کو جانتے ہوئے انہیں اس خطرناک اقدام کی اجازت دی۔
اس بیان میں مزید کہا گیاکہ “سوئیڈن یا کسی بھی دوسرے ملک میں قرآن پاک کی بار بار بے حرمتی کو برداشت نہیں کیا جا سکتا اور سوئیڈن کی حکومت آزادی اظہاررائے کے نعروں اور دیگر رنگین نعروں کے پیچھے چھپنے کے بجائے اس گری ہوئی حرکت سے باز آئے”۔
حزب اللہ لبنان نے مزید کہا: “ہم مراجع کرام ، تمام اداروں اور عرب اور اسلامی حکومتوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ان ممالک کو اپنی سرزمین میں ان حماقتوں کو دہرانے سے روکنے اور نفرت اور بغض بھری ثقافت سے روکنے کے لیے تمام مناسب اقدامات کریں۔”