جنوری 4, 2025

غزہ کے اسپتالوں پر اسرائیلی حملے جنگی جرائم کے زمرے میں آتے ہیں۔ اقوام متحدہ

سیاسیات۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر نے اپنی رپورٹ میں غزہ کے اسپتالوں پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے ان حملوں کو غزہ کے صحت کے نظام کے لیے تباہ کن قرار دیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ حملے اسرائیل کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کے حوالے سے سوالات اٹھاتے ہیں۔

رپورٹ میں 12 اکتوبر 2023 سے 30 جون 2024 کے درمیان ہونے والے حملوں کا ذکر کیا گیا ہے، جن کے نتیجے میں فلسطینیوں کی طبی سہولیات تک رسائی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

23 صفحات پر مشتمل اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 7 اکتوبر 2023 کے بعد غزہ میں جنگی کارروائیوں نے صحت کے نظام کو ’تباہ‘ کر دیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسپتالوں اور زخمیوں کی موجودگی کی جگہوں پر جان بوجھ کر حملے کرنا جنگی جرائم کے زمرے میں آتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق غزہ میں صحت کے نظام کی تباہی، مریضوں، طبی عملے اور دیگر شہریوں کی ہلاکتیں بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کے قوانین کی خلاف ورزی کا نتیجہ ہیں۔

گزشتہ دنوں اسرائیل کی جانب سے غزہ کے اسپتالوں پر کیے گئے حملوں  پر عالمی ادارہ صحت سمیت دیگر تنظیموں نے بھی تنقید کی تھی۔

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس اسپتالوں کو فوجی کارروائیوں کے لیے کمانڈ سینٹرز کے طور پر استعمال کرتی ہے، اسرائیل نے اسپتالوں سے گرفتار افراد کو بھی مشتبہ عسکریت پسند قرار دیا ہے۔

اقوام متحدہ کی رپورٹ میں اسرائیلی دعوؤں کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان دعوؤں کی تصدیق کے لیے مناسب معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

two + nineteen =