سیاسیات- یمنی تنظیم انصاراللہ نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں جارحیت نہ رکی تو اسرائیل پر حملوں کا دائرہ بڑھا دیں گے۔
حوثی رہنما جمال امر نے کہا ہے کہ امریکہ کے ساتھ حالت جنگ میں ہیں، جنگ کی شدت بڑھنے کا امکان ہے، غزہ کا محاصرہ ختم ہوئے بغیر جنگ ختم نہیں ہوگی۔
اس سے قبل اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر کا کہنا تھا کہ حماس کی جانب سے یرغمالیوں کی رہائی سے بار بار انکار اور دی گئی تمام تجاویز کو مسترد کرنے کے بعداسرائیلی فوج کوغزہ میں حماس کےخلاف سخت ایکشن لینے کی ہدایت جاری کی گئی ہیں۔
اسرائیل نے عہد کیا ہوا ہے کہ وہ حماس کے ساتھ لڑائی جاری رکھے گا جب تک کہ وہ تمام مغویوں کو واپس نہ لے آئے، جنہیں حماس نے اکتوبر 2023 کے حملے کے دوران اغوا کیا تھا۔
حماس کا دوست ممالک سے غزہ پر اسرائیلی حملے روکنے کیلئے امریکہ پر دباؤ ڈالنے کا مطالبہ
ادھر فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے کہا ہے کہ اسرائیل نے غزہ میں شہریوں پر دوبارہ حملے شروع کردیے ہیں، اسرائیل یکطرفہ طور پر جنگ بندی معاہدے کو ختم کررہا ہے۔
حماس نے دوست ممالک سے غزہ پر اسرائیلی حملے روکنے کیلئے امریکہ پر دباؤ ڈالنے کا مطالبہ کیا ہے۔
حماس کا کہنا ہے کہ دوست ممالک نہتے شہریوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت رکوانے کیلئے امریکہ پر دباو ڈالیں۔
واضح رہے کہ جنگ بندی کے پہلے مرحلے کے اختتام کے بعد اسے جاری رکھنے کے طریقہ کار پر مذاکرات تعطل کا شکار ہیں، کیونکہ اسرائیل اور حماس اس بات پر متفق نہیں کہ جنگ کے خاتمے کے لیے اگلے مرحلے میں کیسے آگے بڑھا جائے۔