نومبر 23, 2024

علامہ عارف حسین واحدی کی جانب سے شہید انور علی آخوندزادہ اور سید وزارت نقوی مرحوم کو خراج تحسین

سیاسیات- شیعہ علماء کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے قومی پلیٹ فارم کے دونوں سابق سیکرٹری جنرل سید وزارت حسین نقوی کی رحلت اور انور علی آخوندزادہ کی شہادت کے ایام کی مناسبت سے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ دونوں عظیم شخصیات قومی سرمایہ تھیں، آخری سانس تک اپنے قومی پلیٹ فارم اور قیادت سے وفاداری ان کا طرہ امتیاز تھا، مشکل ترین بحرانوں میں اپنی قیادت کے شانہ بہ شانہ مذہبی و ملی حقوق، وحدت امت، ملکی استحکام اور امن و سلامتی کے لئے جدوجہد کرتے رہے۔ دونوں کو مرکزی کابینہ میں سیکرٹری جنرل کے عہدے پر کام کرنے کی سعادت نصیب ہوئی، شاندار اور قابل قدر خدمات انجام دیں جن پر ان کو دل کی گہرائی سے خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی ذات کا لاکھ لاکھ احسان کہ تنظیمی، سیاسی اور ملی حوالے سے طولانی مدت دونوں کے ساتھ کام کرنے کا موقعہ ملا، دونوں قومی پلیٹ فارم کا قیمتی اثاثہ تھے۔

علامہ عارف واحدی نے مزید کہا کہ 2012ء میں جب مجھے قومی پلیٹ فارم کے سیکرٹری جنرل کے طور پر منتخب کیا گیا تو تحریک پاکستان کے گولڈ میڈلسٹ، قومی پلیٹ فارم کے بانی نامور وکیل سید وزارت حسین نقوی نے بے انتہا حوصلہ افزائی فرمائی، قدم قدم پر رہنمائی فرمائی، الحمد للہ ہمیشہ اپنے سینئرز کے تجربات سے سیکھنا اور ان سے رہنمائی لینا اپنے لئے باعث فخر سمجھتا ہوں اور اسی کو اپنی کامیابیوں کا سبب سمجھتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت نقوی اپنے پلیٹ فارم کے ساتھ جو اخلاص رکھتے تھے ان سے میں انتہائی متاثر تھا، ان کی وفات قومی و ملی نقصان کے علاوہ تنظیمی حوالے سے بہت بڑا دھچکا تھا، اسی طرح شہید بزرگوار انور علی آخوندزادہ رہ کا تنظیمی بنیادوں کو مضبوط کرنے، قیادت کی بھرپور پشت پناہی اور قومی حقوق کے لئے مخلصانہ کوششیں انتہائی لائق قدردانی ہیں جب وہ مرکزی سیکرٹری جنرل تھے اس وقت مشہد مقدس کے شعبے کی ذمہ داریاں نبھا رھا تھا۔

انہوں نے کہا کہ شہید ہر وقت رابطے میں رہ کر ملک میں قومی حقوق اور مسائل پر بریف کرتے، قائد محترم کے ساتھ دورں پر تشریف لاتے تو ان کا تمام تنظیمی احباب کے ساتھ شفقت اور محبت بھرا رویہ ناقابل فراموش ہے۔ وہ ایک نڈر، بے باک اور نظریاتی انسان تھے، اسی مقدس راہ میں شہادت کا درجہ رفیعہ حاصل کیا، علامہ عارف واحدی نے مزید کہا کہ ہم سب کو یہ عہد کرنا ہو گا کہ ان کی اس جدوجہد کو خلوص اور محنت کے ساتھ جاری رکھیں۔ اللہ تعالی دونوں بزرگان کو اجر، جنت میں بلند درجات اور شفاعت معصومین علیھم السلام عطا فرمائے۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

eight − 7 =