سیاسیات- حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصر اللہ نے کہا ہے کہ دنیا پر امریکہ کی اجارہ داری ختم ہورہی ہے۔ دنیا میں ایک طاقت کا تصور ختم ہوکر کئی طاقتیں جنم لے رہی ہیں۔
سید حسن نصر اللہ نے عالمی یوم القدس کے موقع پر کہا کہ عالمی سطح پر رونما ہونے والے واقعات مقاومت کے حق میں ہیں۔ غاصب صہیونی حکومت اندرونی مشکلات اور بحران کی زد میں ہے۔ خطے میں صہیونیوں کے لئے پائی جانے والی نرم گوشی ختم اور اسلامی ممالک کے درمیان ڈائیلاگ کی فضا پیدا ہورہی ہے جو امریکہ اور صہیونیوں کے لئے خطرے کی علامت ہے۔
انہوں نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کی بحالی کے بارے میں کہا کہ غاصب صہیونی حکومت عرب ممالک کے ساتھ دوستی کی پینگیں بڑھاتے ہوئے ایران اور مقاومت کو تنہا کرنا چاہتی تھی لیکن حالیہ واقعات سے ان کے عزائم خاک میں مل گئے ہیں۔ دوسرے ممالک کو داخلی خطرات سے دوچار کرنے والے خود اندرونی بحران کا شکار ہوگئے ہیں۔
سید حسن نصر اللہ نے شہید قاسم سلیمانی کو راہ قدس کا شہید قرار دیتے ہوئے کہا کہ مغربی کنارے سے بھی مقاومت کے لئے حمایت بڑھ گئی ہے جو کہ ہمارے لئے نہایت اطمینان بخش ہے۔ اس کے بعد مقاومتی تنظیموں کی ذمہ داریاں بڑھ گئی ہیں۔ مغربی کنارے کے عوام مسجد اقصی اور فلسطین کی آزادی میں ہر اول دستے کا کردار ادا کریں گے۔ آج صہیونی حکومت کو درپیش بحران اور مغربی کنارے سے ملنے والی عوامی حمایت سے صحیح استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔