سیاسیات-انسداد دہشتگردی عدالت گوجرانوالہ میں ذاکر اہلبیت نوید عاشق بی اے شہید کے قاتل کو جرم ثابت ہونے پر موت کی سزا سنا دی گئی۔ عدالت ملزم کو 5 لاکھ روپے مقتول کے لواحقین کو ادا کرنے کا حکم بھی دیا۔ ملزم کو جرمانے کی مد میں دو لاکھ روپیہ ادا کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے، جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں مزید دو سال قید بھگتنا ہوگی۔ ملزم کو مزید 10 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے، جسے ادا نہ کرنے کی صورت میں چھ ماہ مزید قید کی سزا بھگتنا پڑے گی۔
نوید عاشق بی اے کو گزشتہ سال 2 اکتوبر کو تھانہ صدر کے علاقہ کوٹھے پٹھاناں میں دوران مجلس فائرنگ کرکے شہید کر دیا گیا تھا۔ ملزم محمد ذیشان کیمرہ مین بن کر آیا اور دوران مجلس ذاکر نوید عاشق بی اے پر پستول سے سیدھے فائر کر دیئے۔ فائرنگ کے نتیجے میں مقتول نوید عاشق بی اے موقع پر ہی شہید ہو گئے تھے۔ تھانہ صدر نے ملزم کیخلاف قتل اور دہشت گردی کی دفعات لگا کر چالان گوجرانولہ انسداد دہشت گردی کورٹ میں پیش کیا تھا۔ ٹرائل مکمل ہونے اور جرم ثابت ہونے پر انسداد دہشتگردی کورٹ کے جج رانا زاہد اقبال خان نے آج فیصلہ سنا دیا۔