ستمبر 4, 2024

حزب اللہ نے اسرائیلی ایئر بیس کی ڈرون فوٹیج نشر کر دی

سیاسیات- حزب اللہ نے بدھ کو ایک ڈرون سے بنی ویڈیو نشر کی جس میں اس کے مطابق اسرائیل کے رمت ڈیوڈ ایئر بیس میں اس کی فضائی دفاع کی صلاحیت، جہاز اور فیول جمع کرنے کے مقامات کو دیکھا جاسکتا ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یہ حزب اللہ کی جانب سے نشر کی جانے والی تیسری ویڈیو ہے جو اس بات کی مظہر ہے کہ اس کی اسرائیل کی سرویلنس کتنی بڑھ گئی ہے۔

پہلی نشر کی جانے والی ویڈیو میں اسرائیلی ساحلی شہر حیفہ کو دیکھا گیا جبکہ دوسری ویڈیو میں اسرائیل کا قبضہ کیے گئے علاقے گولان ہائٹس کو دیکھا جاسکتا ہے۔

اسرائیلی فوج کے ایک ترجمان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ یہ ویڈیو ایک سرویلنس (نگرانی کرنے والے) ڈرون کے ذریعے بنائی گئی ہے اور اس سے بیس کے آپریشنز متاثر نہیں ہوئے۔

حزب اللہ کے مطابق آٹھ منٹ سے زیادہ طویل ویڈیو کو زیادہ تر منگل کے روز ریکارڈ کیا گیا۔

اس میں بظاہر فوجی انفراسٹرکچر کی نشاندہی کرنے والے لیبلز شامل ہیں، اور مختصر فاصلے کا آئرن ڈوم ایئر ڈیفنس سسٹم بھی شامل ہے جو راکٹوں اور ڈرونز کو تباہ کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

اس ویڈیو میں رات کے وقت لیے گئے مناظر بھی شامل تھے جو حزب اللہ کے بقول ’پہلے‘ ریکارڈ کیے گئے تھے اور دوسری تصاویر جو گروپ کے مطابق جولائی کے اوائل میں لی گئی تھیں۔

ویڈیو کے کیپشن میں گروپ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یہ صرف ’چند‘ مناظر ہیں جو ڈرون نے ریکارڈ کیے۔

یہ ویڈیوز غزہ میں اسرائیل کی جارحیت اور اسرائیل کے ساتھ لبنان کی سرحد پار فائرنگ کے متواتر تبادلے پر کشیدگی کے دوران جاری کی گئیں۔

حزب اللہ نے کم ٹیکنالوجی والے ذرائع سے ہائی ٹیک اسرائیلی نگرانی سے بچنے کی کوشش کی ہے، تاہم پھر بھی گروپ نے اسرائیلی فوجی پوزیشنوں کی نگرانی اور ان پر حملے کے لیے اپنے ڈرون سرحد پار بھیجے ہیں.

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

seven + 15 =