سیاسیات۔ غاصب صیہونی رژیم کے چینل 12 نے اعتراف کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ لبنان میں جنگ کے خاتمے اور مقبوضہ فلسطین کے شمال میں غاصب یہودی آبادکاروں کی مبینہ واپسی کے بعد بھی اسرائیل کے سکیورٹی و فوجی اداروں سمیت صیہونی رژیم بھی اس بات کی کوئی ضمانت نہیں دے سکتی کہ دوبارہ لبنان کیجانب سے مزید میزائل فائر نہیں کئے جائیں گے۔
اسرائیلی میڈیا کا کہنا تھا اس مسئلے کی وجہ سے مقبوضہ فلسطین کے شمال سے تعلق رکھنے والے غیرقانونی اسرائیلی آبادکار، صیہونی فوج کے اعلی کمانڈروں سے سخت ناراض ہیں کیونکہ ان کمانڈروں نے دعوی کر رکھا تھا کہ وہ حزب اللہ لبنان کے مسلسل میزائل حملوں کے باوجود اُنہیں ان کے غصبی علاقوں میں واپس پہنچا سکتے ہیں! اسرائیلی چینل نے تاکید کی کہ آج صبح سے ہی حزب اللہ لبنان نے حیفا کے متعدد علاقوں اور اس کے گردونواح سے لے کر مقبوضہ فلسطین کے مرکز تک مسلسل میزائل حملے شروع کر رکھے ہیں جبکہ لبنان کی جانب سے فائر کئے جانے والے میزائلوں کا سلسلہ نہ صرف کم نہیں ہو رہا بلکہ اس کی شدت و تعداد میں مسلسل اضافہ بھی ہو رہا ہے۔