ذرائع کے مطابق یمن کے وزیر دفاع کرنل محمد ناصر العاطفی نے ملک کی اعلی سیاسی کاونسل کے سربراہ مہدی المشاط سے ملاقات کی اور تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا ہے۔ انہوں نے اس ملاقات میں کہا: “یمن کی مسلح افواج خداوند متعال پر توکل اور اس کی نصرت کے نتیجے میں اعلی سیاسی کاونسل کے فیصلوں اور احکام پر عملدرآمد کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ ہم مدمقابل جارح قوتوں کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی صورت میں اس سے بھرپور انداز میں ٹکرانے اور ملک کا چپہ چپہ آزاد کروانے کی طاقت رکھتے ہیں۔” انہوں نے مزید کہا: “یمن فوج کی فوجی طاقت میں اضافے کا عمل جاری ہے اور ہماری مسلح افواج ایسی سطح پر پہنچ چکی ہیں کہ اگر جارح اتحاد نے جنگ بندی کا موقع ضائع کر دیا تو اسے بھاری تاوان ادا کرنا پڑے گا۔”
یمن کی اعلی سطحی سیاسی کاونسل کے سربراہ مہدی المشاط نے یمن کی مسلح افواج کی روز بروز بڑھتی صلاحیتوں پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے “آخرت کا وعدہ” نامی عظیم فوجی پریڈ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے اسے ملک کی طاقت قرار دیا اور کہا: “یمن فوج ملک و قوم کے تحفظ اور سلامتی کی ضامن بن چکی ہے اور ان کے حقوق کا تحفظ کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ ہماری فوج نے ملک کو توڑنے اور ٹکڑے ٹکڑے کرنے پر مبنی دشمن کی تمام سازشیں ناکام بنا دی ہیں۔” مہدی المشاط نے یمنی عوام کو یقین دہانی کروائی کہ ان کے جائز حقوق پورے کئے جائیں گے اور جارح سعودی اتحاد کی جانب سے شروع کیا گیا بحران بہت جلد اختتام پذیر ہو جائے گا