نومبر 23, 2024

بهارت کی جانب سے وحشیانہ تشدد, ہزاروں کشمیری عمر بهر کے لئے معذور

سیاسیات-  بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں، پیرا ملٹری اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے زیر حراست افراد پر وحشیانہ تشدد، پرامن مظاہرین کے خلاف پیلٹ چھروں اور گولیوں کے بے دریغ استعمال کی وجہ سے ہزاروں کشمیری عمر بھر کیلئے معذور ہو چکے ہیں۔ پیلٹ لگنے کی وجہ سے 2 سو سے زیادہ افراد ایک یا دونوں آنکھوں کی بصارت سے محروم ہو چکے ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے آج معذور افراد کے عالمی دن کے موقع پر جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فوجی کشمیریوں کو اپاہج بنانے کیلئے انتہائی ظالمانہ ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں، پرامن مظاہروں پر گولیوں، پیلٹ چھروں، پا وا اور آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے۔

زیر حراست افراد کو تفتیشی مراکز میں بجلی کے جھٹکے دیے جاتے ہیں، ان کے پٹھوں پر لکڑی کے رولر پھیرے جاتے ہیں، ان کے بدن کو گرم چیزوں سے جلایا اور انہیں الٹا لٹکایا جاتا ہے۔ محکوم کشمیریوں کے خلاف کھلونا نما بموں اور بارودی سرنگوں کا بھی استعمال کیا جا رہا جس کی وجہ سے 1947ء سے اب تک کشمیر کے ہزاروں بے گناہ افراد ہلاک اور معذور ہو چکے ہیں۔ مہلک پیلٹ چھروں کے استعمال کے بعد سے معذوری کے واقعات میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ میں عالمی برادری پر زور دیا گیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں تشدد کے منظم طریقہ کار کے تحت کشمیریوں کو معذور کرنے کے بھارتی حکومت کے غیر انسانی فعل کا نوٹس لے۔

دریں اثناء کل جماعتی  حریت کانفرنس کے رہنماوں زمرودہ حبیب، یاسمین راجہ، فریدہ بہن جی اور ڈاکٹر مصعب نے سری نگر میں جاری اپنے بیانات میں کہا ہے کہ بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار علاقے میں بیگناہ نوجوانوں اور بچوں کو گرفتار کر کے انہیں تشدد کا نشانہ اور جسمانی طور پر معذور بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کہ ہیومن رائٹس واچ سمیت کئی بین الاقوامی تنظیموں نے کشمیری عوام بالخصوص نوجوانوں پر بھارتی مظالم کے حوالے سے چشم کشا والی رپورٹیں جاری کی ہیں لیکن اس کے باوجود کشمیر میں بھارتی مظالم میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کو روکنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

3 × five =