سیاسیات۔ لبنان کی مقاومتی تحریک “حزب الله” کے سیاسی دھڑے “الوفاء للمقاومۃ” کے پارلیمانی رکن “حسن فضل الله” نے کہا کہ حزب الله ایسے صدر کا انتخاب چاہتی ہے جو اپنے ملک کے مفاد کو ترجیح دینے والے لبنانیوں کا نمائندہ ہو۔ منتخب ہونے والے صدر میں یہ صلاحیت ہونی چاہئے کہ وہ دشمن کی جانب سے لبنان کی خود مختاری کی خلاف ورزی اور درپیش و آنے والے چیلنجز کا مقابلہ کرنا جانتا ہو۔ انہوں نے اس امر کی وضاحت کی کہ لبنان کا نیا منتخب ہونے والا صدر پارلیمنٹ کے ساتھ ساتھ اس ملک کے آئین اور اصولوں کا وفادار ہو۔ حسن فضل الله نے کہا کہ بدقسمتی سے بعض ایسے ممالک ہیں جو ہمارے ملک میں صدر کے انتخاب پر اپنی سیاست کر رہے ہیں۔ حالانکہ ہم ایسا صدر چاہتے ہیں جو لبنانی عوام، مفادات اور تمام دھڑوں کی خواہشات کو پہلی ترجیح دے۔ ہمیں بیرونی ممالک کی جانب سے مدد فراہم کرنے پر کوئی مسئلہ نہیں لیکن یہ مدد بلامشروط ہونی چاہئے۔ ہم صدر کے انتخاب میں کسی بھی بیرونی ڈکٹیشن کو قبول نہیں کریں گے۔ صدر کے لئے حزب الله کے امیدوار “سلیمان فرنجیه” ہیں اور جب تک وہ منتخب نہیں ہو جاتے ہم ان کی حمایت جاری رکھیں گے۔ آخر میں حسن فضل الله نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ 9 جنوری کو ہونے والے پارلیمنٹ کے اجلاس میں صدر کا انتخاب ہو جائے۔ ہم “امل تحریک” میں اپنے بھائیوں کے ساتھ مکمل افہام و تفہیم سے صدر کے انتخاب کے اجلاس میں شریک ہوں گے۔