سیاسیات-یمن میں امریکہ کے خصوصی ایلچی ٹم لِنڈر کنگ نے سعودی وزیر دفاع خالد بن سلمان سے ریاض میں ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں دونوں رہنماوں کی گفتگو کا محور یمن کی صورتحال تھی۔ سعودی وزیر دفاع نے ٹم لِنڈر کنگ سے ملاقات کی خبر اپنے ٹویٹ کے ذریعے دی۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ اس ملاقات میں یمن کے بحران کے سیاسی حل اور قیام امن کے لئے مشترکہ کوششوں کا جائزہ لیا گیا۔ دوسری جانب منگل کے روز امریکی وزارت خارجہ نے ایک بیان کے ذریعے ٹم لِنڈر کنگ کے دورہ سعودی عرب کی اطلاع دی تھی۔ امریکی فارن افئیر کا کہنا تھا کہ مذکورہ عہدیدار جنگ بندی میں توسیع اور امن عمل پر عملدرآمد کے لئے سعودی عرب کا دورہ کر رہے ہیں۔ اس بیان میں مزید بتایا گیا تھا کہ امریکی ایلچی اپنے اس سفر میں یمنی و سعودی حکام کے علاوہ بین الاقوامی شراکت داروں سے ملاقات کریں گے تا کہ مذاکراتی عمل کو مضبوط کرنے کی کوششوں کو جائزہ لیا جاسکے، نیز امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کی اپنے ہم منصبوں کی ساتھ کی گئی گفتگو کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔
اسی سلسلے میں یمن کی سپریم پولیٹیکل کونسل نے حال ہی میں اس امر پر زور دیا کہ یمن کی عوام اپنی دور اندیشی اور فہم سے اس بات کو جان چکے ہیں کہ جس طرح پہلے، امریکہ یمن پر جارحیت کے لئے صف اول میں موجود تھا اسی طرح آج بھی اپنی جارحیت اور یمن کا محاصرہ جاری رکھنے کے لئے سخت کوششوں میں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ علاقوں میں جو کچھ بھی ہو رہا ہے قابض امریکیوں کے اُس منصوبے کا حصہ ہے جس کے تحت وہ یمن میں اپنے قیام کو قانونی قرار دے کر اپنی پالیسیز مسلط کرنا چاہتے ہیں۔