سیاسیات- لبنان پر اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد 492 ہو گئی جبکہ 1645 افراد زخمی ہو گئے۔
لبنان کی وزرات صحت کے مطابق شہید ہونے والوں میں 38 بچے اور 58 خواتین شامل ہیں۔
لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کا کہنا تھا کہ بیروت پر اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کے سینیئر کمانڈر علی کرکی محفوظ رہے۔
لبنان پر اسرائیلی حملوں کے جواب میں کارروائی کرتے ہوئے حزب اللہ نے بھی اسرائیل پر 200 کے قریب راکٹ داغ دیے۔
حزب اللہ کی جانب سے شمالی علاقے کی اسرائیلی فوجی چوکیوں اور حیفہ شہر میں رافیل ڈیفنس انڈسٹری کمپلیکس کو نشانہ بنایا گیا۔
دوسری جانب لبنان اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے بعد امریکہ نے مشرق وسطیٰ میں موجود 40 ہزار امریکی فوجیوں کی تعداد میں اضافے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ادھر لبنان پر اسرائیلی حملوں کے بعد مصر نے آج سے بیروت آنے اور جانے والی پروازیں منسوخ کر دیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی جنگی طیاروں نے صرف آدھے گھنٹے میں لبنان کے شہر نبطیہ پر 80 فضائی حملے کیے جس میں حزب اللہ کے اہداف پر حملوں کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیل کی جانب سے کیا گیا حملہ غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد اب تک کا سب سے بڑا فضائی حملہ تھا جس میں اسرائیل نے لبنان کے شمالی اور جنوبی حصے پر ایک وقت میں حملہ کیا۔