سیاسیات-اسرائیل کے غزہ پر مسلسل فضائی حملوں میں شہدا کی تعداد 27 ہو گئی جن میں 5 خواتین اور 5 بچوں سمیت اسلامی جہاد کی راکٹ لانچنگ فورس کے کمانڈر بھی شامل ہیں۔
الجزیرہ کے نمائندۂ خصوصی کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فورسز اور اسلامی جہاد کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔
اسرائیلی فضائی حملوں میں تین کمانڈرز کی شہادت کے بعد غزہ سے 400 سے زائد راکٹس فائر کیے گئے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ پر فضائی حملوں میں ایک عمارت کو نشانہ بنایا جس میں اسلامی جہاد کے راکٹ لانچنگ فورس کے کمانڈر علی غالی مارے گئے۔
اسرائیلی فوج نے الزام عائد کیا کہ اس عمارت کو راکٹس کی تیاری اور لانچنگ کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔
الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی فورسز کی غزہ پر بمباری میں اضافہ ہوا ہے جس میں ایک کمانڈر سمیت 27 افراد شہید اور 76 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو گہری چوٹیں آئی ہیں۔
واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز سے ہی قابض اسرائیلی فورسز نے غزہ میں بمباری اور کئی علاقوں میں سرچ آپریشن کے نام پر دہشت گردی کا بازار گرم کر رکھا ہے۔