سیاسیات- فارس نیوز ایجنسی کے مطابق یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے رکن محمد علی الحوثی نے صوبہ اب کے اعلی سطحی فوجی اور سکیورٹی کمانڈرز سے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ جارح طاقتوں کے خلاف جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی اور آئندہ انجام پانے والا معرکہ گذشتہ آٹھ برس کی لڑائی کی نسبت کہیں زیادہ شدید اور دردناک ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا: “یمنی قوم جان لے کہ ہم جارح قوتوں کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں اور یقیناً ان کا مقابلہ کریں گے کیونکہ انہوں نے ہماری قوم پر ظلم کیا ہے اور وہ اس ملک کو درپیش مسائل اور مشکلات کا سبب ہیں۔” انہوں نے کہا کہ یمنی عوام کی اکثریت اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہے کہ انہیں درپیش تمام مشکلات اور تکلیفوں کا ذمہ دار جارح عرب اتحاد ہے۔
یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے رکن محمد علی الحوثی نے کہا کہ آئندہ معرکوں میں ہم دشمن پر زیادہ شدید اور کاری ضرب لگائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ماضی میں سعودی عرب کی آئل کمپنی آرامکو کو ہمارے حملوں کے نتیجے میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کیلئے چوبیس گھنٹے درکار ہوتے تھے تو ممکن ہے مستقبل میں ہمارے حملوں کے نتیجے میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کیلئے انہیں کئی دن تک تنصیبات بند کرنی پڑیں۔