سیاسیات- صیہونی اخبار “اسرائیل ھیوم” نے ایک یورپی سفارت کار کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ دی کہ یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ “جوزپ بورل” نے اسرائیل کے انسانیت سوز اقدامات کے باعث ایک منفرد قدم اٹھاتے ہوئے یورپی ممالک کے سفیروں کو اطلاع دی ہے کہ وہ یورپی وزرائے خارجہ اجلاس میں تل ابیب کے ساتھ سیاسی گفتگو کی شق کو معطل کرنا چاہتے ہیں۔ بعض بین الاقوامی اداروں اور امدادی تنظیموں نے غزہ کی پٹی میں صیہونی رژیم کی جانب سے غیر انسانی اقدامات کے بارے میں معتبر اطلاعات فراہم کی ہیں جو اسرائیل اور یورپی یونین کے درمیان ہونے والے معاہدوں سے متصادم ہے۔
نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اس یورپی سفارت کار نے مزید بتایا کہ اس مسئلے پر صیہونی ڈپلومیٹس کے ساتھ گفتگو ہونی چاہئے۔ جب کہ آئندہ سوموار کو یورپی یونین کے 27ویں وزرائے خارجہ اجلاس کے موقع پر اسی شق کی معطلی پر بحث ہو گی۔ اسرائیلی ھیوم اخبار نے اپنی رپورٹ میں مزید کہا کہ غزہ و لبنان جنگ کے بعد جوزپ بورل اور اسرائیل کے درمیان تعلقات انتہائی نچلی سطح تک پہنچ چکے ہیں۔ اس صیہونی اخبار نے کہا کہ جوزپ بورل یورپی یونین کے وزرائے خارجہ اجلاس میں یہ مسئلہ اس وقت اٹھا رہے ہیں جب وہ اس یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہی سے رواں سال دسمبر کی ابتداء میں ریٹائرڈ ہو جائیں گے۔ اُن کا یہ منفرد قدم پہلی بار اسرائیل کے خلاف اٹھایا جائے گا۔