سیاسیات- دو امریکی حکام نے جمعے کو خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا ہے کہ پاکستان کے چینی ساختہ جدید ترین لڑاکا طیارے جے-10 سی نے بدھ کے روز فضائی جھڑپ میں انڈیا کے کم از کم دو فوجی طیارے مار گرائے۔
امریکی حکام کے مطابق، پاکستانی فضائیہ نے چین سے حاصل کردہ جے-10 سی طیارے استعمال کرتے ہوئے انڈین طیاروں پر فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل داغے، جن سے کم از کم دو انڈین جنگی جہاز تباہ ہوئے۔ ان میں سے ایک فرانسیسی ساختہ رافال لڑاکا طیارہ تھا، جو حالیہ برسوں میں انڈیا نے حاصل کیا تھا۔
ایک انڈین فضائیہ کے ترجمان نے روئٹرز کی خبر سے متعلق سوال پر کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔
چینی ساختہ جدید جنگی طیارے کی مغربی ساختہ طیارے کے خلاف کارکردگی کو واشنگٹن میں بغور دیکھا جا رہا ہے تاکہ اندازہ لگایا جا سکے کہ اگر مستقبل میں بیجنگ کا کسی تنازعے میں تائیوان یا بحرالکاہل کے وسیع تر خطے میں آمنا سامنا ہو تو اس کی فضائی طاقت کیسی ہو سکتی ہے۔
ایک امریکی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ انہیں اس بات پر مکمل اعتماد ہے کہ پاکستان نے بھارتی طیاروں کے خلاف چینی ساختہ جے-10 طیارے استعمال کرتے ہوئے فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل داغے، جن سے کم از کم دو انڈین لڑاکا طیارے مار گرائے گئے۔
ایک اور امریکی اہلکار کا کہنا تھا کہ جو انڈین طیارہ گرایا گیا، ان میں سے کم از کم ایک فرانسیسی ساختہ رافال لڑاکا طیارہ تھا۔
دونوں امریکی اہلکاروں نے واضح کیا کہ اس کارروائی میں پاکستان کے ایف-16 طیارے، جو امریکی کمپنی لاک ہیڈ مارٹن نے تیار کیے ہیں، استعمال نہیں کیے گئے۔
تاہم انڈین فضائیہ نے اپنے کسی بھی طیارے کے نقصان کی تصدیق یا تردید سے انکار کر دیا ہے۔
انڈین حکام کا مؤقف ہے کہ اُن کے لڑاکا طیاروں نے پاکستان کے اندر مبینہ ’دہشت گردوں کے انفراسٹرکچر‘ کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔
پاکستانی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے روئٹرز کو بتایا کہ پاکستان نے مجموعی طور پر پانچ انڈین طیارے مار گرائے، جن میں تین رافال شامل ہیں۔