سیاسیات- روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے اُمید ظاہر کی ہے کہ چینی صدر شی چن پنگ آئندہ سال روس کا سرکاری دورہ کریں گے۔
سرکاری ٹیلی ویژن میں نشر ہونے والے دونوں رہنماؤں کی ویڈیو کانفرنس کے ذریعے بات چیت ہوئی جس میں روسی صدر نے چین کے ساتھ فوجی تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
ولادیمیر پوٹن نے چینی صدر کو دوست کہہ کر مخاطب کیا اور کہا کہ ’جناب چیئرمین، ہم آپ کے آنے کی توقع کر رہے ہیں، ہم اگلے موسم بہار میں ماسکو کے سرکاری دورے پر آپ کے منتظر ہیں، اس سے ظاہر ہوگا کہ دنیا کے اہم مسائل پر روس اور چین کے تعلقات مضبوط ہے۔ْ‘
چینی صدر نے اپنے روسی ہم منصب کو کہا کہ یوکرین میں امن کے حوالے سے مذاکرات کا راستہ آسان نہیں ہوگا اور چین اس مسئلے پر اپنے منصفانہ مؤقف پر قائم رہے گا۔
چین کے سرکاری براڈکاسٹ ادارہ سی سی ٹی وی نے اپنی رپورٹ کے مطابق شی جن پنگ نے کہا کہ چین اور روس بین الاقوامی معاملات میں ہم آہنگی اور تعاون کو بڑھانا چاہتے ہیں، انہوں نے روس کو یوکرین کے تنازع پر مذاکرات کے لیے راضی ہونے پر زور دیا۔
دونوں رہنماؤں نے فروری میں اسٹریٹجک پارٹنرشپ پر دستخط کیے تھے، جس میں دونوں رہنماؤں نے مغربی اثر و رسوخ کا مقابلہ کرنے کے لیے مشترکہ رائے کا اظہار کیا تھا۔