سیاسیات ـ دو مرتبہ بھارت کے وزیراعظم رہنے والے نریندر مودی تیسری مرتبہ وزارت عظمیٰ کا حلف 8 جون کو اٹھائیں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق لوک سبھا کے انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے اتحاد کی کامیابی کے بعد حکومت سازی کے معاملات شروع ہوچکے ہیں اور نریندر مودی نے وزارتِ عظمیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
بھارتی صدر دروپدی مرمو نے نریندر مودی کا استعفیٰ قبول کرتے ہوئے ان سے اگلی حکومت کی تشکیل تک کام جاری رکھنے کی درخواست کی ہے۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ نریندر مودی تیسری مرتبہ ملک کے وزیراعظم کا منصب سنبھالنے کے لیے 8 جون کو حلف اٹھائیں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نریندر مودی بھارتی تاریخ میں تیسری مرتبہ وزیراعظم بننے والی دوسری شخصیت ہیں، ان سے قبل جواہر لال نہرو تین مرتبہ بھارت کے وزیراعظم رہ چکے ہیں۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ وزیراعظم کے عہدے سے استعفے سے قبل مودی نے یونین کیبنٹ کی اہم میٹنگ بھی کی جس میں الیکشن نتائج اور حکومت سازی کے معاملات زیر غور آئے۔
واضح رہے کہ لوک سبھا کے انتخابات میں کانگریس اتحاد نے 234 نشستیں حاصل کی ہیں اور بی جے پی کے اتحاد این ڈی اے نے 292 نشستیں جیتی ہیں۔