اپریل 13, 2025

فرانس آئندہ مہینوں میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کر سکتا ہے: میکرون

سیاسیات- فرانسیسی صدر ایمانول میکرون نے یہ امکان ظاہر کیا ہےکہ فرانس آنے والے مہینوں میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کر سکتا ہے۔

فرانس 5 ٹیلی ویژن کو  دیے گئے انٹرویو میں میکرون بتایا کہ ’میں  اس فیصلے کو جون میں اسرائیل-فلسطین تنازع پر اقوام متحدہ کی ایک کانفرنس میں حتمی شکل دینا چاہتا ہوں  جس کی میزبانی فرانس اور سعودی عرب مشترکہ طور پر کریں گے‘۔

انہوں نے کہا کہ’ہمیں تسلیم کرنے کی جانب بڑھنا ہوگا اور ہم آئندہ مہینوں میں ایسا کریں گے، میں یہ کسی کو خوش کرنے کے لیے نہیں کر رہا بلکہ میں یہ اس وقت کروں گا جب مجھے لگے گا کہ یہ صحیح ہے‘۔

فلسطین کی وزیر مملکت برائے امور خارجہ کا بیان

دوسری جانب فلسطین کی وزیر مملکت برائے امور خارجہ وارسین اغابیکیان شاہین نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ’  فرانس کی طرف سے تسلیم کرنا فلسطینی عوام کے حقوق اور دو ریاستی حل کے تحفظ کے مطابق ایک درست قدم ہوگا ‘ ۔

اسرائیلی وزیر خارجہ جدعون سار کی ٹوئٹ

ادھر  اسرائیلی وزیر خارجہ جدعون سار نے ایکس پر ٹوئٹ میں لکھا  کہ ایسی کسی خیالی فلسطینی ریاست کو کسی بھی ملک کی جانب سے ‘یکطرفہ تسلیم کرنا’ موجودہ زمینی حقائق کے تناظر میں دہشتگردی کے لیے انعام اور حماس کے لیے حوصلہ افزائی ہوگا۔

واضح رہے کہ اب تک اقوام متحدہ کے 193 میں سے 147 رکن ممالک فلسطین کو ایک خودمختار ریاست کے طور پر تسلیم کر چکے ہیں۔

گزشتہ برس آرمینیا، سلووینیا، آئرلینڈ، ناروے، اسپین، بہاماس، ٹرینیڈاڈ و ٹوباگو، جمیکا اور بارباڈوس بھی ان میں شامل ہوئے۔

تاہم فلسطینی ریاست کو بڑھتی ہوئی بین الاقوامی حمایت کے باوجود امریکہ، آسٹریلیا، برطانیہ اور جرمنی جیسے کئی بڑے مغربی ممالک نے ابھی تک اسے تسلیم نہیں کیا ہے۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

2 × 1 =