فروری 15, 2025

غزہ پر عرب ممالک کی تجاویز سننے کے منتظر ہیں: امریکی وزیر خارجہ

سیاسیات- امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے جمعے کو کہا ہے کہ امریکہ غزہ پر عرب ریاستوں کی طرف سے نئی تجاویز سننے کے لیے منتظر ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی وزیر خارجہ جمعرات کو جرمنی روانہ ہوئے جہاں وہ یوکرین جنگ پر میونخ سکیورٹی کانفرنس میں شرکت کے بعد سعودی عرب، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور اسرائیل جائیں گے۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا یہ دورہ اردن کے شاہ عبداللہ دوم اور مصر کے وزیر خارجہ کے درمیان واشنگٹن میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ منصوبے پر بات چیت کے بعد ہو رہا ہے۔

مارکو روبیو نے عرب ریاستوں کے بارے میں کہا کہ ’امید ہے کہ وہ صدر کو پیش کرنے کے لیے واقعی ایک اچھا منصوبہ بنانے جا رہے ہیں۔‘

انہوں نے کلے ٹریوس اور بک سیکسٹن کے ریڈیو شو کو بتایا کہ ’ابھی واحد منصوبہ — وہ اسے پسند نہیں کرتے — لیکن واحد منصوبہ ٹرمپ کا منصوبہ ہے۔ لہذا اگر ان کے پاس کوئی بہتر منصوبہ ہے تو اب اسے پیش کرنے کا وقت ہے۔‘

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پڑوسی ممالک مصر اور اردن کو غزہ میں 20 لاکھ سے زیادہ فلسطینیوں کو قبول نہ کرنے کی صورت میں نتائج سے خبردار کیا ہے۔

روبیو نے کہا کہ ’یہ تمام ممالک کہتے ہیں کہ وہ فلسطینیوں کا کتنا خیال رکھتے ہیں، لیکن ان میں سے کوئی بھی کسی فلسطینی کو نہیں لینا چاہتا۔ ان میں سے کسی کی بھی غزہ کے لیے کچھ کرنے کی تاریخ نہیں ہے۔‘

اردن پہلے ہی 20 لاکھ سے زیادہ فلسطینی پناہ گزینوں کی میزبانی کر رہا ہے۔

سفارت کاروں کا کہنا ہے کہ مصر ہفتوں کے اندر ٹرمپ کا متبادل پیش کرنے کی کوششوں کی قیادت کر رہا ہے۔

مصری تجویز میں غزہ میں ایک نئی سکیورٹی فورس کو تربیت دینا اور مقامی فلسطینی رہنماؤں کی شناخت کرنا شامل ہے جو انچارج ہوں گے۔

روبیو نے کہا کہ ان کا خیال ہے کہ عرب ریاستیں ’نیک نیتی سے کام کر رہی ہیں‘ لیکن ایک سرخ لکیر یہ ہے کہ حماس کے لیے مستقبل میں کوئی کردار نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ’اگر خطے کے ممالک اس کا اندازہ نہیں لگا سکتے ہیں، تو اسرائیل کو یہ کرنا پڑے گا اور پھر ہم وہاں واپس آجائیں گے جہاں ہم تھے۔‘

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

three × 2 =