دسمبر 23, 2024

شام میں ہونے والی تبدیلی خطے میں ایران کے خطرناک منصوبے کے خلاف بڑی کامیابی ہے۔ الجولانی

سیاسیات- شام میں دہشتگرد تحریر شام اور اتحادی گروپوں کے سرغنہ احمد الشرع المعروف ابو محمد الجولانی نے کہا ہے کہ شام میں ہونے والی تبدیلی خطے میں ایران کے خطرناک منصوبے کے خلاف بڑی کامیابی ہے۔

اپنے بیان میں احمد الشرع کا کہنا تھاکہ ایران کے منصوبے خطے کے عوام کیلئے تکلیف دہ ثابت ہوئے، ایرانی عوام سے ہمیں کوئی مسئلہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سابق صدر بشار الاسد نے منشیات کی پیداوار میں عالمی ریکارڈ قائم کیا، روس بشارالاسد کی گرتی ہوئی ساکھ سے بیزار ہونے لگا تھا۔ احمدالشرع نے بتایاکہ خط وکتابت کے ذریعے روس کے ساتھ معاملات طے کرنے کی کوشش کی ہے اور روس کو نئے سرے سے تعلقات قائم کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ تبدیلی اچانک نہیں ہوئی بلکہ کئی سالوں کی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے، شام کےعلاقوں اور شہروں پر اپوزیشن فورسز کے قبضوں کےدوران کوئی نقل مکانی دیکھنے میں نہیں آئی۔

اسرائیل کے حوالے سے احمد الشرع کا کہناتھاکہ اسرائیل ایران کے بہانے شام میں مداخلت کرتا آیا ہے، اب شام میں غیرملکی مداخلت کا کوئی وجود نہیں رہا، اسرائیل کیلئے غیرملکی مداخلت کا کوئی جواز باقی نہیں رہا اور اسرائیل کے ساتھ کسی قسم کی کشیدگی نہیں چاہتے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ایرانی سپریم لیڈرآیت اللہ خامنہ ای نے کہا تھا کہ شام میں بشارالاسد حکومت کا خاتمہ امریکہ، اسرائیل اور شام کے پڑوسی ملک کے منصوبے کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا تھاکہ شام میں باغی گروپوں کے مقاصد ایک دوسرے سے الگ ہيں،شام کے ہر باغی گروپ کے اپنے علیحدہ مقاصد اور ایجنڈا ہے، وقت ثابت کرے گا کہ ان لوگوں کا کوئی بھی مقصد پورا نہيں ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ امریکہ علاقے میں اپنے قدم جمانا چاہتا ہے، فتنہ داعش کے دوران ایران کی شام میں موجودگی کا مقصد مقدس مقامات کا تحفظ تھا، ایران کی موجودگی کا مقصد امن قائم کرنے میں شامی حکومت کی مدد کرنا تھا۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

20 − 17 =