سیاسیات- عبرانی زبان کے صیہونی اخبار اسرائیل ہیوم نے اعلان کیا ہے کہ فلسطینی و شامی سرزمین پر قابض غاصب صیہونی رژیم اور شام کے ایک حصے پر قابض ترک حکومت نے آذربائیجان میں انجام پانے والے کئی ایک ادوار پر مبنی اپنے مذاکرات کے بعد، شام میں دونوں فریقوں کے درمیان کسی بھی فوجی تنازعے سے بچنے کے لئے ایک “ابتدائی سمجھوتے” پر دستخط کئے ہیں۔ اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اسرائیلی اعلی عہدیدار نے صہیونی اخبار کو بتایا کہ اسرائیل و ترکی، شامی سرزمین پر دونوں فریقوں کی عسکری سرگرمیوں کے بارے ابتدائی معاہدے پر پہنچ گئے ہیں۔ اسرائیل ہیوم نے مزید کہا کہ دونوں فریقوں نے شام میں کسی بھی فوجی تنازعے سے بچنے کے لئے اصولوں کے ایک سیٹ پر اتفاق کیا ہے تاہم، اسرائیل جنوبی شام میں ”تخفیف اسلحہ” کے حوالے سے اپنے موقف پر اب بھی اصرار جاری رکھے ہوئے ہے۔
واضح رہے کہ شامی سرزمین پر دونوں فریقوں کے درمیان ممکنہ تصادم کو روکنے کے لئے آذربائیجان میں ترکی و اسرائیل کے درمیان حالیہ ہفتوں میں کئی ایک ادوار پر مشتمل مذاکرات منعقد ہوئے تھے جبکہ اس بات چیت کا آغاز، ماہ اپریل میں اسرائیلی فوج کی جانب سے وسطی شام میں واقع ترک فوج کے ممکنہ ٹھکانوں پر اسرائیلی بمباری کے بعد ہوا تھا۔