اکتوبر 13, 2024

سعودی ولی عہد کی امریکہ کے مشیر قومی سلامتی جیک سلوان سے ملاقات

سیاسیات-سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود نے اتوار کی رات جدہ میں امریکی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹجک تعلقات پر بات چیت کی گئی۔

سعودی پریس ایجنسی کی خبر کے مطابق دونوں شخصیات کے درمیان سٹریٹجک تعلقات  پر گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں دیگر امریکی عہدیدار بھی شریک تھے۔

جس کے بعد جیک سلیوان نے سعودی ولی عہد، انڈین قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول اور متحدہ عرب امارات کے قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون بن زاید آل نہیان کے ساتھ ایک ملاقات میں بھی شرکت کی۔

وائٹ ہاؤس کے ایک بیان میں اس ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا کہ ’اس کا مقصد ایک مستحکم اور محفوظ مشرق وسطیٰ کی مشترکہ سوچ، انڈیا اور دنیا بھر سے اس کے تعلق پر بات چیت تھی۔‘

تاہم سعودی عرب کے سرکاری میڈیا نے ابھی تک اس ملاقات کی تصاویر یا ویڈیوز نہیں جاری کیں۔

گذشتہ سال جولائی میں امریکی صدر جو بائیڈن نے روس یوکرین جنگ کے بعد توانائی کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لیے سعودی عرب کا تعاون حاصل کرنے کے لیے مملکت کا دورہ کیا تھا۔

دوسری جانب سعودی عرب اور ایران کے درمیان کئی برسوں سے جاری کشیدگی میں کمی واقع ہوئی لیکن ابھی تک ایران پر امریکی پابندیاں عائد ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بحالی یمن میں جاری جنگ میں خاتمے میں مددگار ہو سکتی ہے۔

اس کے علاوہ سعودی عرب نے شام کو عرب لیگ میں واپس لانے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے جبکہ امریکہ شام کے صدر بشارالاسد کی حکومت کی مخالفت کرتا رہا ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جیک سلیوان نے سوڈان سے امریکی شہریوں کے انخلا میں مدد فراہم کرنے پر سعودی ولی عہد کا شکریہ بھی ادا کیا۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

ten + seven =