سیاسیات- برطانیہ یوکرین کو اپنے فضائی دفاع کو بہتر بنانے کے لیے 650 نئے میزائل سسٹم بھیجے گا۔
برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ ‘لائٹ ویٹ ملٹی رول میزائل (ایل ایم ایم)’ سسٹم کی پہلی کھیپ جو فرانسیسی دفاعی گروپ تھیلز نے تیار کی ہے، اس سال کے آخر تک روانہ کی جائے گی۔
یوکرین کو 162 ملین پاؤنڈ (213 ملین ڈالر) کے پیکیج کا باضابطہ اعلان برطانوی وزیر دفاع جان ہیلی آج جرمنی میں یوکرین کے مغربی اتحادیوں کے اجلاس میں کریں گے۔
انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ یہ نیا عزم یوکرین کے فضائی دفاع کو ایک اہم فروغ دے گا اور ہماری نئی حکومت کے یوکرین کی حمایت بڑھانے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔
وزیر دفاع جان ہیلی کا کہنا تھا حالیہ دنوں میں ہم نے پولٹاوا اور لوویو پر روس کے اندھا دھند حملوں کی المناک قیمت دیکھی ہے، برطانوی ساختہ یہ نئے میزائل یوکرین کو اپنے عوام، بنیادی ڈھانچے اور علاقے کے دفاع میں مدد دیں گے۔
انہوں نے تصدیق کی کہ برطانوی وزارت دفاع کے مطابق 300 ملین پاؤنڈ مالیت کا توپ خانے کا گولہ بارود بھی چند ماہ کے اندر یوکرین پہنچنا شروع ہو جائے گا۔