سیاسیات۔ یوکرین کے صدر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ یوکرین سعودی عرب میں ہونے والی امریکہ روس بات چیت میں شرکت نہیں کرے گا، یوکرین کو شامل کیے بغیر کسی بات چیت کا کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا اور نہ ہی ایسے کسی معاہدے کو مانیں گے جس میں یوکرین شامل نہ ہو۔
دورہ مشرق وسطیٰ میں متحدہ عرب امارات پہنچنے پر صدر زیلنسکی نے ویڈیو لنک پر یوکرینی میڈیا سے بات کی، زیلنسکی کا کہنا تھا کہ ہم ایسے معاہدے پر دستخط کریں گے جس میں سکیورٹی ضمانتیں موجود ہوں، جنگ کے خاتمے کے لیے صدر پوتن پر دباؤ بڑھانے کے لیے چین کی شمولیت اہم ہے۔
یوکرینی صدر کا کہنا تھا کہ بدھ کو سعودی عرب کا سرکاری دورہ کروں گا جو پہلے سے طے شدہ ہے، دورہ سعودی عرب کا تعلق امریکہ روس بات چیت سے نہیں ہے۔
ادھر یوکرین تنازع پر امریکہ اور روسی حکام کی سعودی عرب میں ملاقات کل ہونے جارہی ہے۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سعودی عرب پہنچ گئے ہیں جب کہ قومی سلامتی مشیر مائیک والٹز اور خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف بھی آج پہنچ رہے ہیں۔
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کی کل امریکی حکام سے ملاقات ہوگی جس میں یوکرین جنگ کے خاتمے اور روس امریکہ تعلقات پر بات چیت متوقع ہے۔