سیاسیات- اسرائیل کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ وہ ایران کے میزائل پروگرام پر پابندیاں لگانے اور ایران کی پاسداران انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دلوانے کے لیے دنیا کے دیگر ممالک پر زور دے رہے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق منگل کو اسرائیل کے وزیر خارجہ کاٹز نے سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ ’میزائلوں اور ڈرونز حملے کے عسکری جواب کے ساتھ ساتھ میں ایران کے خلاف سفارتی حملے کی قیادت کر رہا ہوں۔‘
کاٹز نے کہا کہ انھوں نے 32 ممالک کو خطوط بھیجے اور متعدد ہم منصبوں سے بات کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ’ایران کے میزائل پروگرام پر پابندیاں لگائی جائیں اور پاسداران انقلاب کو ایک دہشت گرد تنظیم قرار دیا جائے، جو کہ ایران کو روکنے اور کمزور کرنے کے لیے ایک طریقہ ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں ایران کو ابھی روکنا چاہیے، اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے۔‘
اسرائیل نے کہا ہے کہ وہ ایران کے میزائل اور ڈرون حملے کا جواب دے گا، مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں اضافے سے بچنے کے لیے اتحادیوں کی جانب سے اسرائیل سے تحمل سے کام لینے کے مطالبے کیا ہے۔
برطانوی وزیر اعظم رشی سونک کے مطابق سات بڑی جمہوریتوں کے ممالک کا گروپ پہلے ہی ایران کے خلاف مربوط اقدامات کے منصوبے پر کام کر رہا ہے