سیاسیات۔ اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو نے دوران جنگ اسرائیلی وزیر جنگ یواف گیلنٹ کو برطرف کردیا۔
یواف گیلنٹ کی جگہ سابق اسرائیلی وزیر خارجہ یسرائیل کاٹز وزارت جنگ کا قلمدان سنبھالیں گے۔ جبکہ جدعون ساعر کو نیا وزیر خارجہ مقرر کیا گیا ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق وزیر اعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے خط میں یواف گیلنٹ کو کہا گیا ہے کہ اس خط کے موصول ہونے کے 48 گھنٹے بعد وہ وزیر جنگ کے عہدے سے برطرف ہوجائیں گے۔
نیتن یاہو نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ جنگ کے ابتدائی دنوں میں ہمارے درمیان اعتماد تھا لیکن گزشتہ کچھ مہینوں میں وہ اعتماد نہیں رہا۔
یواف گیلنٹ نے گزشتہ روز 7 ہزار قدامت پسند یہودیوں کو اسرائیلی فوج میں بھرتی کرنے کی منظوری دی تھی۔
اسرائیل کے انتہا پسند وزیر برائے قومی سلامتی بن گویر نے اس فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ یواف گیلنٹ ’جیت‘ میں ایک رکاوٹ تھے۔
دوسری جانب اسرائیلی اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے کہا گیا ہے کہ نیتن یاہو سیاسی مفادات کے لیے قومی سلامتی کو داؤ پر لگارہے ہیں۔