جون 16, 2024

غزہ کے جلادوں سے برائت پوری دنیا میں پھیلا دیں۔ سید علی خامنہ ای

سیاسیات – رہبر معظم انقلاب نے حاجیوں کے نام اپنا ایک پیغام جاری کیا جس کا متن کچھ یوں ہے۔
بسم الله الرّحمن الرّحیم
و الحمد لله ربّ العالمین و الصّلاة و السّلام علی خیر البریّة سیّدنا محمّدٍ المصطفی و آله الطّیّبین و صحبه المنتجبین و من تبعهم باحسان الی یوم الدّین۔

خدا کے حکم سے دل سوز ابراہیمی نغمے نے دنیا کے تمام انسانوں کو حج کے موسم میں کعبہ کی دعوت دی ہے۔ اس سال بھی دنیا بھر سے مسلمانوں کے دل توحید کے مرکز سے مسحور ہو کر اس عظیم اجتماع کا حصہ بنے ہیں اور اس نے انسانی دائرہ کار و اسلام کی معنوی طاقت کو اپنی جانب کھینچا ہے۔ ہم جب بھی اس عظیم اجتماع اور حج کے پیچیدہ مناسک کو غور سے دیکھتے ہیں تو پتہ چلتا ہے کہ کہ یہ مناسک و اجتماع مسلمان کے قلب کی مضبوطی و اطمینان کا سرچشمہ ہیں جب کہ دشمنوں اور بد خواہوں کے لئے خوف و ہراس کا سبب۔ اگر اسلام کے دشمن مذہبی و سیاسی اختلافات کو ہوا دے کر یا مقدس اور روحانی پہلوؤں کو کم کر کے فریضہ حج کو خراب کرنا چاہیں تو یہ کوئی تعجب کی بات نہیں۔ قرآن حکیم نے حج کو بندگی، ذکر و تواضع، انسانوں کے مساوی وقار، انسانی زندگی کی مادی و معنوی تنظیم، برکت و ہدایت، بھائیوں کے درمیان اخلاقی امن و عملی برتاؤ اور دشمنوں کے مقابلے میں بیزاری و طاقتور محاذ کا مظہر قرار دیا ہے۔ حج سے متعلق آیات اور اس منفرد فریضہ کے اعمال و عبادات پر غور کرنے سے ہمیں حج کی پیچیدہ ترکیب میں سے مذکورہ بالا راز معلوم ہوتے ہیں۔

حاجی بھائیو اور بہنو! آپ اس وقت ان حقائق و معارف پر عمل کرنے کے میدان میں ہیں۔ اپنی فکر اور عمل کو اس فریضہ کے قریب تر کریں اور ان الہی مفاہیم کی شناخت کے ساتھ واپس لوٹیں۔ آپ کے لئے حج کا یہی حقیقی اور قیمتی ثمر ہے۔ اس سال برائت کو پہلے سے زیادہ ابھاریں۔ کیونکہ غزہ میں تاریخ کے دردناک جرائم کا ارتکاب ہو رہا ہے۔ زوال پذیر صیہونی رژیم کی بے ادبی، گستاخی، بے رحمی و شقاوت کسی بھی شخص، پارٹی، حکومت اور مسلمانوں کے تمام فرقوں سے ڈھکی چھپی نہیں۔ اس سال برائت کو حج اور میقات کے مقام سے ماوراء ساری دنیا بالخصوص مسلمان ملکوں و شہروں تک پھیلائیں۔ ہمیں چاہئے کہ تمام اقوام و حکومتیں اپنے قول و فعل سے صیہونی رژیم اور اس کے حامیوں بالخصوص امریکہ سے برائت (بیزاری) کا اظہار کریں۔ برائت کے ذریعے ان جارح ستمگروں پر زمین تنگ کر دیں۔ فلسطین و غزہ کے مظلوم و صابر عوام کی استقامت دنیا کی جانب سے قابل تحسین ہے۔ اس استقامت کی ہر لحاظ سے مدد ہونی چاہئے۔ پروردگار عالم سے فلسطین کی مکمل اور جلد کامیابی کا طلبگار ہوں۔ بارگاہ ایزدی میں آپ حجاج کرام کے حج کی قبولیت کے لئے دعاگو ہوں۔ حضرت بقیّة‌الله (اروحنا الفداء) آپ کے حامی و ناصر ہوں۔
والسّلام‌ علیکم‌ ورحمة‌ الله
سیّد علی خامنه‌ای

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

2 × one =