نومبر 24, 2024

عزیز رئیسی تھکنا جانتے ہی نہیں تھے، پانچ روز کے عام سوگ کا اعلان کرتے ہیں۔ آیت اللہ سید علی خامنہ ای

سیاسیات- اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور ان کے ہمراہ موجود دیگر افراد کی شہادت پر رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے تعزیتی پیغام اور عام سوگ کا اعلان کیا ہے۔

بسم اللہ الرحمن الرحیم

انا للہ و انا الیہ راجعون

بہت دکھ اور افسوس سے عالم مجاہد، عوام دوست صدر، شائستہ و محنت کش صدر مملکت، خادم الرضا علیہ السلام جناب حجۃ الاسلام و المسلمین آقائے سید ابراہیم رئیسی اور ان کے محترم ساتھیوں (رضوان اللہ علیہم) کی شہادت جیسی موت کی تلخ خبر موصول ہوئی۔ یہ ناگوار سانحہ خدمت رسانی کی ایک کوشش کے دوران رونما ہوا، اس عظیم اور فداکار انسان کی سرکاری فرائض منصبی کا پورا عرصہ چاہے وہ ان کے مختصر عہدہ صدارت کا ہو یا اس سے پہلے کا، پوری طرح عوام، ملک اور اسلام کی مسلسل خدمت میں گزرا، عزیز رئیسی تھکنا جانتے ہی نہیں تھے، اس تلخ حادثے میں ایرانی قوم نے اپنے ایک مخلص، گرانقدر اور دل سے پیار کرنے والے خدمت گزار کو کھو دیا ہے، ان کے لیے، عوام کی بھلائی اور ان کی رضامندی جو خدا کی مرضی کی غماز ہے، ہر چیز سے زیادہ ترجیح رکھتی تھی اور اسی لیے کچھ لوگوں کی ناشکری اور بعض بدخواہوں کے طعنے انھیں ترقی و پیشرفت اور امور کی اصلاح کے لیے دن رات سعی پیہم سے نہیں روک پاتے تھے۔

اس سنگین سانحے میں تبریز کے مقبول اور با اعتبار امام جمعہ حجۃ الاسلام آل ہاشم، مجاہد اور فعال وزیر خارجہ جناب امیر عبداللہیان، مشرقی آذربائیجان کے انقلابی اور دیندار گورنر جناب مالک رحمتی، عملے کے افراد اور ساتھ موجود کچھ دوسرے لوگ بھی دار رحمت الہی کی سمت کوچ کر گئے، میں پانچ دن کے عام سوگ کا اعلان کرتا ہوں اور ایران کی عزیز قوم کو تعزیت پیش کرتا ہوں، آئین کی دفعہ 131 کے مطابق جناب مخبر صاحب، انتظامیہ کے سربراہ کا عہدہ سنبھالیں گے اور ان کی ذمہ داری ہے کہ مقننہ اور عدلیہ کے سربراہوں کے ساتھ مل کر زیادہ سے زیادہ پچاس دن میں نئے صدر کے انتخاب کو یقینی بنائیں۔ آخر میں، میں جناب رئیسی صاحب کی والدہ محترمہ، ان کی فاضلہ اور گرانقدر اہلیہ اور صدر مملکت کے دیگر پسماندگان اور صدر کے ہمراہ موجود دیگر افراد کے محترم اہل خانہ خاص طور پر جناب آل ہاشم صاحب کے والد ماجد کی خدمت میں دلی تعزیت پیش کرتا ہوں اور خداوند عالم سے ان کے لیے صبر و تسلی اور مرحومین کے لیے رحمت الہی کی دعا کرتا ہوں۔

سید علی خامنہ ای
20 مئی 2024ء

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

15 − fourteen =