جون 22, 2024

صیہونی رژیم شہید آبیار کی شہادت کے بدلے کا انتظار کرے، جنرل سلامی

سیاسیات- العالم نیوز چینل کے مطابق سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی ایران کے چیف کمانڈر جنرل حسین سلامی نے شام میں اسرائیل کے میزائل حملے میں شہید ہونے والے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی قدس فورس کے مجاہد شہید سعید آبیار کی شہادت کی مناسبت سے پیغام جاری کیا ہے جس میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ غاصب صیہونی رژیم سے اس مجرمانہ اقدام کا بدلہ لیا جائے گا اور صیہونی حکمران جوابی کاروائی کا انتظار کریں۔ پیغام کا مکمل متن درج ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمان الرحیم

وَلاتَحسَبَنَّ الَّذینَ قُتِلوا فی سَبیلِ اللَّهِ أَمواتًا ۚ بَل أَحیاءٌ عِندَ رَبِّهِم یُرزَقونَ (آل‌عمران: 169)
سپاہ اسلام کے عظیم مجاہد اور مدافع حرم شہید قدس سعید آبیار، جو شام میں فوجی مشیر کے طور پر کام کر رہے تھے اور حلب کے قریب غاصب صیہونی رژیم کے مجرمانہ اقدام میں جام شہادت نوش کر گئے، کی فخر آمیز شہادت پر ان کے اہل خانہ محترم اور ساتھی مجاہدین نیز صوبہ البرز اور شہر رے کے غیرت مند اور شہید پرور عوام کی خدمت میں تبریک اور تسلیت عرض کرتا ہوں۔ اس مومن مجاہد اور مخلص افسر کی اسلامی انقلاب اور نظام کے دفاع، اس سرزمین کی امن و سلامتی اور قدس شریف کے غاصبین کے خلاف ہیرو فلسطین کی صیہونی مخالف مزاحمت کی مدد اور حمایت کیلئے انجام پانے والی صادقانہ اور شجاعانہ جدوجہد ہمیشہ کیلئے باقی رہے گی اور آج اور کل کے اسلامی سرزمین کے غیرت مند اور انقلابی جوانوں کیلئے مشعل راہ ثابت ہو گی۔

بچوں کے قاتل مجرم پیشہ صیہونی جان لیں کہ انہیں اس مجرمانہ اقدام میں بہہ جانے والے پاکیزہ خون کا تاوان ادا کرنا پڑے گا اور وہ جواب کا انتظار کریں۔ خداوند متعال سے اس عزیز شہید کے درجات کی بلندی اور شہدائے کربلا کے ساتھ ہم نشینی نیز ان کے اہلخانہ اور ساتھی مجاہدین کیلئے صحت و سلامتی، صبر، شہید اور شہادت کی راہ پر ثابت قدمی، قرآن و اہلبیت اطہار علیہم السلام کے پرچار کیلئے مخلصانہ جدوجہد اور ایران اسلامی کی سربلندی کیلئے دعاگو ہوں۔”

یاد رہے 3 جون کی صبح غاصب صیہونی رژیم کے جنگی طیاروں نے شام کے شہر حلب کے قریب اسلامی مزاحمت کے ایک مرکز کو میزائل حملوں کا نشانہ بنایا تھا جس میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی قدس فورس کے مجاہد سعید آبیار سمیت فاطمیون اور حزب اللہ کے چند مجاہد شہید ہو گئے تھے۔ شام آرمی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ حملہ شام کے وقت کے مطابق صبح 12 بج کر 20 منٹ پر انجام پایا جس میں 17 افراد شہید اور 15 زخمی ہو گئے تھے۔ اعلامیے کے مطابق غاصب صیہونی رژیم نے یہ حملہ حلب شہر کے جنوب مشرق میں انجام دیا تھا۔ اپریل میں ایران کی جانب سے اسرائیل پر “وعدہ صادق آپریشن” نامی وسیع ڈرون اور میزائل حملے کے بعد شہید سعید آبیار شام میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والے پہلے ایرانی ہیں۔ وعدہ صادق آپریشن کے بعد سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی ایران نے صیہونی حکمرانوں کو خبردار کیا تھا کہ وہ آج کے بعد دنیا کے جس حصے میں بھی ایرانی شہری کو نشانہ بنائیں گے اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

1 × two =