سیاسیات- سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر جنرل حسین سلامی نے کہا ہے کہ دشمن خوفزدہ ہیں، وہ مسلسل حملہ نہ کرنے کا پیغام بھجوا رہے ہیں اور درخواست کر رہے ہیں کہ کوئی فوجی کارروائی نہ کرنا۔ جمعہ کے روز ایران کے میزائل پروگرام کے بانی شہید تہرانی مقدم کی گیارہویں برسی کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل حسین سلامی کا کہنا تھا کہ کئی دنوں سے دشمنوں کو سکون نہیں، وہ مسلسل الرٹ ہیں اور ہمیں باقاعدگی سے پیغامات بھیج رہے ہیں کہ ہمیں نشانہ نہ بنائیں، یہ پیغامات کئی ممالک کے ذریعے ایران کو پہنچائے گئے ہیں۔ سپاہ پاسداران انقلاب کے کمانڈر نے مزید کہا کہ دشمن ایران کو اندرونی تنازعات میں ملوث کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ دشمن ایرانی عوام کے بارے میں اپنے حساب و کتاب پر نظرثانی کر رہے ہیں۔ دشمن نے غلط سمجھا تھا کہ چند فریب خوردہ نوجوانوں کو جو ہمارے اپنے ہی نوجوان ہیں، سڑکوں پر اتار کر اس پرشکوہ عالمی انقلاب کا راستہ روک دیں گے۔
جنرل حسین سلامی نے واضح کیا کہ دشمن کے ایک ایک جرم کا جواب دیا جائے گا اور ایک ایک شہید کے خون کا قصاص لیا جائے گا۔ نوجوان ایرانی خاتون مہسا امینی کی موت کے بعد پھوٹ پڑنے والے فسادات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کمانڈر نے کہا کہ ان حالات میں ہم نے عراقی کردستان کے علاقے میں انقلاب مخالف گروہوں کو نشانہ بنایا، دریائے ارس کے کنارے ایک بڑی فوجی مشق کی، سیٹلائٹ لے جانے والا راکٹ لانچ کیا، 300 کلومیٹر تک مار کرنے والے باور 373 میزائل سسٹم کا تجربہ کیا اور ہم نے کل ہی یہ بھی اعلان کیا کہ ہم نے ایک نیا میزائل (ہائپرسونک) تیار کیا ہے، جس کا مقابلہ کوئی میزائل ڈیفنس سسٹم نہیں کرسکتا۔ امریکی سفارت خانے پر قبضے کی سالگرہ کے موقع پر گذشتہ ہفتے ملک گیر ریلیوں میں لوگوں کی بڑی تعداد کی شرکت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کمانڈر نے کہا کہ لوگوں نے دشمنوں کی پالیسیوں سے خود کو دور کر لیا ہے۔ دشمن ہمیشہ اپنی غلطیوں سے خود کو بکھرتا ہے۔ اس بار بھی ہم ان کی غلطی کا استعمال کرتے ہوئے انہیں شکست دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی قوم دشمن کے اندازوں اور حساب کو بدل رہی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ دشمن ایک ایسا ایران چاہتا ہے، جس کا کوئی مذہب نہ ہو، لیکن ایرانی قوم زندہ ہے اور اپنی تقدیر خود بناتی ہے۔ دشمنوں کو معلوم ہونا چاہیئے کہ اگر انہوں نے ہم میں سے کسی ایک کو نشانہ بنایا تو ہم سب کو نشانہ بنائیں گے۔ جنرل حسین سلامی نے کہا کہ آپ نے ہمارے قاسم سلیمانی کو نشانہ بنایا، لیکن ہم آپ سب کو نشانہ بنائیں گے اور آپ کو خطے سے نکال دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریاض، تل ابیب، نیویارک اور پیرس میں شیشے کے گھروں میں بیٹھنے والے فسادات کے ڈیزائنر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دشمن اپنی غلطیوں کی وجہ سے ہمیشہ مار کھاتا رہا ہے اور اس بار بھی ہم اسے ناکامی کا مزہ چکھائیں گے۔