فروری 9, 2025

جن کے دلوں میں مقاومت بستی ہے، غزہ اُن کے لئے رول ماڈل ہے۔ آیت اللہ سید علی خامنہ ای

سیاسیات- فلسطین کی مقاومتی تحریک “حماس” کی سیاسی قیادت نے تہران میں حضرت آیت‌ الله “سید علی خامنه‌ ای” سے ملاقات کی۔ اس موقع پر آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے غزہ و حماس کے شہداء، کمانڈروں بالخصوص شہید “اسماعیل هنیه” کو خراج تحسین پیش کیا۔ رہبر معظم نے حماس کے رہنماوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خداوندِ متعال نے غزہ کی عوام اور آپ کو کامیابی و کامرانی عطاء کی ہے۔ غزہ اس وقت قرآن حکیم کی اس آیت مبارکہ کا مصداق ہے کہ جس میں اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے کہ كَمْ مِنْ فِئَةٍ قَلِيلَةٍ غَلَبَتْ فِئَةً كَثِيرَةً بِإِذْنِ اللَّهِ وَاللَّهُ مَعَ الصَّابِرِين۔ رہبر معظم نے کہا کہ آپ اسرائیل بلکہ در واقع امریکہ پر غالب آئے ہیں اور خدا کے فضل سے آپ نے انہیں کسی سازش میں کامیاب نہیں ہونے دیا۔ رہبر معظم نے ان مصائب کا ذکر کیا جن کا غزہ کے عوام نے پندرہ مہینوں کی مقاومت میں سامنا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام سختیوں اور دکھوں کا ثمر باطل پر حق کی فتح کی صورت میں ملا۔ وہ لوگ کہ جن کے دلوں میں مقاومت بستی ہے، غزہ کی عوام اُن کے لئے رول ماڈل ہے۔ انہوں نے حماس کے مذاکرات کاروں کی تعریف کی کہ جو دشمن کے ساتھ ایک کامیاب معاہدہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

ولی امر مسلمین نے کہا کہ آج سارے عالم اسلام اور مقاومت کے حامیوں کی یہ ذمے داری ہے کہ وہ غزہ کے عوام کی مشکلات میں کمی کے لئے امدادی سرگرمیاں شروع کریں۔ حضرت آیت‌ الله سید علی خامنه‌ ای نے غزہ میں عسکری و تعمیر نو کے امور کے ساتھ ساتھ میڈیا آگاہی کے موجودہ راستے کو جاری رکھتے ہوئے ثقافتی امور کے اجراء کے لئے منصوبہ بندی کو ضروری قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ استقامتی محاذ اور حماس نے پروپیگنڈہ و میڈیا کے میدان میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کے حوالے سے یہ روش جاری رہنی چاہئے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے کہا کہ دشمن کے مقابلے میں ہمارا اصلی اور ناقابل موازنہ ہتھیار، ایمان ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایمان ہی ہے جس کی وجہ سے اسلامی جمہوریہ ایران اور استقامتی محاذ، دشمن کے سامنے کمزوری کا احساس نہیں کرتے۔ انہوں نے حال ہی میں ایران کے خلاف امریکی دھمکیوں پر ردعمل دیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی دھمکیوں کا ہماری ملت، حکومت اور جوانوں پر کوئی اثر نہیں۔ رہبر معظم نے اس نکتے کی جانب بھی توجہ مبذول کروائی کہ فلسطین کے دفاع اور وہاں کی عوام کی حمایت کے سلسلے میں ہماری قوم کے ذہن میں کوئی شکوک و شبہات نہیں۔

مسئلہ فلسطین ہمارے لئے بنیادی مسئلہ ہے اور فلسطین کی فتح ہمارے لئے یقینی ہے۔ حضرت آیت‌ الله سید علی خامنه‌ ای نے کہا کہ فلسطینی عوام حتمی طور پر کامیاب ہو گی۔ زمانے کے نشیب و فراز سے ہمیں شک میں مبتلا نہیں ہونا چاہئے بلکہ ایمان اور وعدہ الہی کی بنیاد پر ہمیں اس یقینی کامیابی پر اعتقاد رکھنا چاہئے۔ حماس کے رہنماوں سے اپنی گفتگو کے اختتام پر رہبر انقلاب اسلامی نے کہا کہ خدا کے فضل و کرم سے وہ دن ضرور آئے گا جب آپ سب پورے فخر کے ساتھ عالم اسلام کے لیے قدس کا مسئلہ حل کریں گے۔ وہ دن ضرور آئے گا۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

3 × five =