سیاسیات۔ ایران نے قفقاز میں امریکہ کے حمایت یافتہ مجوزہ ٹرمپ راہداری منصوبےکو اپنی قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دے دیا۔
ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے سینئر مشیر علی اکبر ولایتی نے دو ٹوک الفاظ میں کہاکہ ایران اپنی سرحدوں کے قریب اس راہداری کی تعمیر کی اجازت نہیں دے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکہ اس منصوبے کے ذریعے قفقاز میں اپنی عسکری اور سیاسی موجودگی کو مستحکم کرنا چاہتا ہے، جو ایران کے لیے ناقابلِ قبول ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ نے بھی اپنی سرحد کے قریب کسی بھی قسم کی غیر ملکی مداخلت اور سرگومیوں کو مسترد کردیا۔
خبرایجنسی کے مطابق آذربائیجان، آرمینیا امن معاہدے کے تحت قفقاز میں ایک راہداری بنانے کا مجوزہ منصوبہ بھی طے ہوا ہے، یہ راہداری ایران کی شمال مغربی سرحد کے قریب واقع ہوگی اور اس کے مالکانہ حقوق امریکا کے پاس ہوں گے۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان امن معاہدہ کرایا تھا۔
وائٹ ہاؤس میں آذربائیجان کے صدر الہام علیوف اور آرمینیا کے وزریراعظم نیکول پشینیان نے امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی جس میں مکمل جنگ بندی کے معاہدے پر دستخط کیے گئے۔
صدر ٹرمپ نے گواہ کے طور پر دستخط کیے جس کے بعد آذربائیجان اور آرمینیا نے مکمل جنگ بندی کا معاہدہ کیا۔
خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق آذربائیجان، آرمینیا امن معاہدے کے تحت قفقاز میں ایک راہداری بنانے کا مجوزہ منصوبہ بھی طے ہوا جس کی اب ایران نے سختی سے مخالفت کی ہے۔
تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا واٹس ایپ چینل فالو کیجئے۔