سیاسیات-ایک سعودی اخبار اور ایرانی عہدیدار نے بتایا ہے کہ سعودی عرب اور ایران کے وزرائے خارجہ کل جمعرات (چھ اپریل) کو بیجنگ میں ملاقات کریں گے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق دونوں ممالک چین کی ثالثی میں اپنے سفارتی تعلقات کی بحالی کے بعد اگلے اقدامات کی جانب بڑھنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود اور ان کے ایرانی ہم منصب حسین امیرعبداللہیان کے درمیان ہونے والی ملاقات سات سال سے زائد عرصے میں دونوں ملکوں کی اعلیٰ ترین سطح پر پہلی باضابطہ ملاقات ہوگی۔
برسوں کی کشیدگی کے بعد تہران اور ریاض نے گذشتہ ماہ چین کی ثالثی میں اپنی سفارتی خلیج کو ختم کرنے اور سفارت خانے دوبارہ کھولنے پر اتفاق کیا تھا۔
ایک سینیئر ایرانی عہدیدار نے روئٹرز کو بتایا: ’دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے چھ اپریل کو بیجنگ میں ملاقات کرنے پر اتفاق کیا ہے، جس کے لیے چین سہولت فراہم کر رہا ہے۔‘
سعودی اخبار اشرق الاوسط نے ریاض میں ایک ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملاقات کے لیے چین کا انتخاب ’معاہدے تک پہنچنے اور دونوں ممالک کے درمیان رابطے کو آسان بنانے میں بیجنگ کے مثبت کردار کی بدولت کیا گیا ہے۔‘
اخبار نے مزید کہا کہ ملاقات میں دونوں ممالک کے تعلقات کی بحالی اور سفیروں کے تبادلوں پر بات کی جائے گی، جس کا اعلان گذشتہ ماہ کیا گیا تھا۔