سیاسیات- ایران کے صوبے خوزستان کے ضلع “دارخوین” میں 300 میگا واٹ بجلی بنانے کے پہلے منصوبے “کارون ایٹمی گرڈ اسٹیشن” کے تعمیراتی کام کا افتتاح کر دیا گیا۔ اس موقع پر ایرانی اٹامک پروگرام کے سربراہ “محمد اسلامی” اور اس صنعت سے وابستہ دیگر سینیئر مسئولین بھی موجود تھے۔ “کارون” ایٹمی پاور پلانٹ میں پریشرائزڈ لائٹ واٹر (PWR) سے 300 میگا واٹ بجلی بنائی جائے گی، تقریباً 50 ہیکٹر رقبے پر مشتمل یہ منصوبہ صوبہ خوزستان میں “دارخوین” کے نزدیک دریائے کارون پر شروع کیا گیا ہے۔ ہلکے پانی پر دباو ڈال کر بجلی بنانے والے پاور پلانٹس دنیا کے سب سے عام جوہری پاور پلانٹس ہیں، جو ہلکے پانی کو کولنٹ (coolant) اور ریٹارڈر (retarder) کے طور پر استعمال کرتے ہیں اور اس قسم کے ری ایکٹرز کو چار فی صد افزودہ یورینیم آکسائیڈ سے چلایا جاتا ہے۔
یہ پاور پلانٹ ایرانی اٹامک انرجی کے منصوبے کے تحت آٹھ سال کے عرصے میں تکمیل کیا جائے گا۔ اس منصوبے کے تحت جوہری بجلی کے حصول کے لئے مقامی ایٹمی پاور پلانٹس بنائے جائیں گے۔ مذکورہ جوہری پاور پلانٹس کے ڈیزائن، آلات کی فراہمی اور تعمیر کے شعبوں میں زیادہ سے زیادہ ملکی صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جائے گا۔ تقریباً 2 بلین ڈالر کے اس منصوبے سے خطے اور علاقے کے دوسرے ممالک کو بجلی فراہم کی جا سکتی ہے۔ واضح رہے کہ کارون نیوکلیئر پاور پلانٹ کی تعمیر کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ملکی کمپنیاں، پاور پلانٹ کے فکسڈ مکینیکل آلات کی تعمیر کے ساتھ ساتھ پہلے گزینے میں کولنگ پمپس کے ڈیزائن اور ان کی تعمیر کریں گی، اس کے علاوہ یہ کمپنیاں پاور پلانٹ کی حفاظت بھی کریں گی۔