سیاسیات- رہبر معظم انقلاب حضرت آیت الله “سید علی خامنه ای” نے لبنان میں شہدائے مقاومت “سید حسن نصر الله” اور “سید هاشم صفیّ الدّین” کی تدفین کے موقع پر ایک پیغام جاری کیا۔ جس میں انہوں نے کہا کہ دشمن جان لے کہ استکبار، ظلم اور اشتعال کے مقابلے میں مقاومت کبھی بھی خاموش نہیں بیٹھے گی۔ مقاومت اپنی منزل مقصود تک پہنچ کر ہی دم لے گی۔ واضح رہے کہ رہبر معظم کے پیغام کا متن حجۃ الاسلام و المسلمین “سید مجتبیٰ حسینی” نے حریت پسندوں کے عظیم اجتماع میں پڑھ کر سنایا۔ سید مجتبیٰ حسینی، عراق میں رہبر معظم انقلاب کے نمائندے ہیں۔ پیغام کا متن درج ذیل ہے:
بسم الله الرّحمن الرّحیم
قال الله عزّ و جل: وَ لِلّٰهِ العِزَّةُ وَ لِرَسولِهِ وَ لِلمُؤمِنینَ وَ لٰکِنَّ المُنافِقینَ لا یَعلَمون.
خطے میں مقاومت کے روح رواں اور عظیم مجاہد حضرت سیّد حسن نصر الله اعلی الله مقامه اس وقت عزت و افتخار کی سربلندیوں پر ہیں۔ ان کا پاک بدن جهاد فیسبیل الله کی سرزمین پر سپرد خاک کیا جائے گا۔ ان کی روح روز بروز سرفراز تر ہوتی چلی جائے گی۔ دشمن جان لے کہ استکبار، ظلم اور اشتعال کے مقابلے میں مقاومت کبھی بھی خاموش نہیں بیٹھے گی۔ مقاومت الله کے حکم سے اپنی منزل مقصود تک پہنچ کر ہی دم لے گی۔ جناب سیّد هاشم صفیّ الدّین رضوان الله علیه کا نیک نام اور خوبصورت چہرہ بھی اس خطے کی تاریخ میں درخشاں ستارہ ہے۔ وہ لبنان میں مزاحمتی قیادت کے بہت قریب اور ان کا اٹوٹ انگ تھے۔ ان دو ہستیوں سمیت حال ہی میں شہید ہونے والے اور تمام شہداء پر خدا و اس کے صالح بندوں کا سلام۔ لبنان کے غیور جوانوں اور میرے فرزندوں کو سلام۔
سیّدعلی خامنهای