جون 23, 2024

اسرائیل ایک ناسور اور غاصب حکومت ہے، جس کا خاتمہ ضروری ہے، ایرانی سفیر

سیاسیات- پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے لاہور پریس کلب کا دورہ کیا اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کی۔ اس موقع پر ایرانی قونصل جنرل لاہور مہران موحد فر بھی ان کیساتھ تھے۔ لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری، سینئر نائب صدر شیراز حسنات، ممبران گورننگ باڈی رانا شہزاد، عابد حسین اور سید بدر سعید نے معزز مہمان کو کلب آمد پر خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر صدر پریس کلب ارشد انصاری نے کہا کہ ایرانی صدر کی شہادت پر پاکستانی عوام اور صحافی برادری ایران کے غم میں برابر کی شریک ہے، ایران ایک دلیر اور نڈر لیڈر سے محروم ہوا ہے، شہید صدر ابراہیم رئیسی نے اپنا آخری دورہ پاکستان کا کیا، وہ پاکستان کیساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے فلسطین پر اسرائیلی حملہ پر جس طرح ردعمل دیا۔ مسلم امہ اس پر فخر کرتی ہے۔

ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی اور ثقافتی تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں، اس سلسلے میں دونوں ممالک کے درمیان سابق صدر ابراہیم رئیسی شہید کی قیادت میں معاہدے ہو چکے ہیں، ابراہیم رئیسی کی شہادت پر پاکستانی قوم کے جذبات اور اظہار تعزیت ہمارے لیے قابل احترام ہے، ایران اور پاکستان کے درمیان قومی سطح پر بہت گہرے تعلقات ہیں، دونوں ممالک کی عوام ایک دوسرے سے بے پناہ عقیدت اور محبت رکھتے ہیں، یہ ابراہیم رئیسی شہید کی شہادت کے موقع پر دیکھنے کو ملا۔ انہوں نے کہا کہ ایران پہلا ملک تھا جس نے پاکستان بننے کے بعد اسے تسلیم کیا، پاکستان اور ایران کو سمگلنگ کی روک تھام کیلئے فیصلہ کن موڑ پر آنا ہوگا، سمگلنگ کا پیسہ سمگلروں کی جیب میں جا رہا ہے، یہ پیسہ براہ راست دونوں ممالک کے پاس آنا چاہیے، اس سلسلے میں ایران پاکستان کیساتھ مل کر میکانزم طے کر رہا ہے، ابراہیم رئیسی کی شہادت میں ابھی تک کی دو رپورٹس کے مطابق یہ ایک حادثہ تھا، ہیلی کاپٹر ایک چٹان کیساتھ ٹکرایا ہے، اس کی مزید ٹیکنیکل انکوائری ابھی جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 28 جون کو ایران کے نئے صدر کیلئے انتخابات ہو رہے ہیں، پاکستان میں موجود ایرانی شہری بھی اپنا ووٹ متعلقہ سفارت خانوں میں کاسٹ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ پنجاب میں کن کن شعبوں میں دونوں ممالک آگے بڑھ سکتے ہیں، اس حوالے سے مسلم لیگ کے قائد محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ملاقات ہوئی ہے، جس میں زراعت، لائیو سٹاک اور گندم کی ایکسپورٹ پر بات ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل ایک ناسور کی مانند غاصب حکومت ہے، جس کا خاتمہ ضروری ہے اور فلسطینی حکومت کا قیام ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو انرجی بحران کے نکلنے کیلئے پاک ایران گیس پائب لائن منصوبے کی تکمیل ضروری ہے، اور حکومت پاکستان سے اس حوالے سے بات چیت جاری ہے۔ پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے شہید ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی وفات پر صحافی برادری کی جانب سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے اجتماعی فاتحہ خوانی کروائی۔ پروگرام کے اختتام پر صدر ارشد انصاری نے معزز مہمان کو پریس کلب کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

5 × 5 =