ستمبر 14, 2024

سلمان بٹ برطرف، حفیظ کی مخالفت کا اہم کردار

سیاسیات- سلمان بٹ کی بطور سلیکشن کنسلٹنٹ برطرفی میں محمد حفیظ کی مخالفت کا اہم کردار رہا جب کہ ٹیم ڈائریکٹر نے آسٹریلیا میں خبر ملتے ہی پی سی بی کے اعلیٰ حکام سے فیصلہ تبدیل کرنے کو کہا۔

سلمان بٹ کو سلیکشن کنسلٹنٹ بنانے پر ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ نے بھی شدید ناراضی کا اظہار کیا، ذرائع نے بتایا کہ جمعے کو جب یہ خبر سامنے آئی تو حفیظ حیران رہ گئے، انھوں نے فوری طور پر آسٹریلیا سے لاہور پی سی بی کے اعلیٰ حکام کو فون کالز کیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سلمان بٹ کی تقرری کا فیصلہ درست نہیں، میں ہمیشہ داغدار ماضی کے حامل افراد کے ساتھ کام کرنے کی مخالفت کرتے رہا، اب ایسا کیسے کر سکتا ہوں، گزشتہ روز بھی حفیظ نے ایک سے زائد بار بورڈ حکام کے ساتھ اس حوالے سے بات کی۔

ذرائع نے بتایا کہ سلمان بٹ کے ساتھ وہاب ریاض کی گہری دوستی ہے، وہ انھیں قومی سیٹ اپ میں واپس لانا چاہتے تھے، اب اختیار ملنے پر اپنی خواہش کو عملی جامہ پہنا دیا،جب آسٹریلیا روانگی سے قبل محمد حفیظ سے وہاب نے اپنی اس خواہش کا ذکر کیا تو انھوں نے سختی سے ایسا نہ کرنے کا کہا تھا، البتہ ٹیم کی روانگی کے بعد وہاب نے محمد عامر کی مثال بیان کرتے ہوئے اپنے فیصلے کی بورڈ سے منظوری لے لی۔

اس پر سوشل میڈیا پر حفیظ کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا، ان کی پرانی ویڈیوز پوسٹ کی جاتی رہیں جس میں وہ فکسرز کے ساتھ کبھی کام نہ کرنے کی باتیں کر رہے تھے، اس سے ٹیم ڈائریکٹر مزید برہم ہوئے اور حکام پر فیصلے کی تبدیلی پر زور دیا، میڈیا اور سابق کرکٹرز نے بھی سلمان کی تقرری پر شدید تنقید کی تھی۔

ذرائع کے مطابق اعلیٰ حکومتی شخصیات بھی اس صورتحال سے خوش نہ تھیں، اس وجہ سے پی سی بی نے فیصلے کو تبدیل کر لیا اور وہاب ریاض سے ہی میڈیا کانفرنس کرائی جس کے بعد سلمان بٹ کی جگہ اسد شفیق کو سلیکشن کمیٹی میں شامل کر لیا گیا۔

یاد رہے کہ 2010 میں انگلینڈ میں سامنے آنے والے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے بعد سلمان بٹ، محمد عامر اور محمد آصف کو جیل کی ہوا کھانا پڑی تھی۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

9 − two =