سیاسیات-پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل نے چیئرمین نجم سیٹھی کی جانب سے پیش کیا گیا ہائبرڈ ماڈل منظور کر لیا ہے۔
پی سی پی کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ایشیا کپ کا میزبان رہے گا اور وہ پاکستان میں میچز منعقد کرے گا جس کے بعد سری لنکا اس ایونٹ کا نیوٹرل وینیو ہوگا۔
بیان کے مطابق سری لنکا کو بطور نیوٹرل وینیو شامل کرنے کی وجہ انڈین کرکٹ ٹیم کا پاکستان نہ آنا ہے۔
ایشیا کپ 31 اگست سے 17 ستمبر تک کھیلا جائے گا۔ اس دوران کل 13 میچز میں سے چار پاکستان میں جبکہ دیگر نو میچ سری لنکا میں کھیلے جائیں گے۔
اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ انہیں ایشیا کپ 2023 کے لیے ہائبرڈ ماڈل کی منظوری پر خوشی ہے۔
یہ 2008 کے بعد پہلا موقع ہے کہ پاکستان ایشیا کپ کی میزبانی کرے گا۔ پاکستان نے آخری مرتبہ 15 سال پہلے ون ڈے ایشیا کپ کا انعقاد کیا تھا۔