سیاسیات-حکومت پنجاب نے جڑانوالہ میں مبینہ توہین مذہب کے ردعمل میں مسیحی برادری کے گھروں اور گرجا گھروں کو جلائے جانے کی اعلیٰ سطح کی انکوائری کا حکم جاری کیا ہے۔
بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری کیے گئے پیغام میں ترجمان حکومت پنجاب نے کہا کہ ’سوچی سمجھی سازش کے تحت پاکستان کے اندرونی امن کو خراب کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔‘
مزید کہا گیا کہ ’قرآن پاک کی بے حرمتی اور مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا گیا۔۔ واقعے پر تحقیقات جاری ہیں اور ملزموں کی گرفتاری کا حکم دے دیا گیا ہے۔‘
ترجمان حکومت پنجاب نے ان واقعات میں ملوث 100 سے زائد افراد کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ ملزمان سے ’سائٹیفک طریقے سے تفتیش‘ جاری ہے۔