سیاسیات-پاراچنار کے قریب صدہ بازار میں پشاور جانے والی وین پر ملزمان نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک مسافر زخمی ہوگیا جبکہ وین میں موجود مسافر کی جوابی فائرنگ سے ملزمان فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق پاراچنار میں صدہ بازار کے قریب بائی پاس روڈ پر ملزمان نے فائرنگ کی جس سے وین کے شیشے ٹوٹ گئے اور ٹائر پنکچر ہوگئے۔
فائرنگ سے ایک مسافر زخمی بھی ہوا۔
ملزمان وین کی جانب بڑھے تو وین میں موجود مسافر نے فائرنگ کردی جس کے باعث حملہ آور فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق مسافر وین پاراچنار سے پشاور جارہی تھی، واقعے کے بعد سرچ آپریشن کے دوران 4 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا اور مزید کاروائی جاری ہے۔
خیال رہے کہ 3 روز قبل بھی ہنگو کے قریب پاراچنار جانے والی بس پر فائرنگ کے واقعے میں 2افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے تھے۔