سیاسیات- نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ اگر عدالت سے سربراہ مسلم لیگ (ن) نواز شریف کو ضمانت نہیں ملتی تو وطن واپسی پر ہمیں انہیں گرفتار کرنا ہوگا۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں نگران وزیر داخلہ نے گزشتہ شب شرکت کی، اینکر پرسن مہر بخاری نے سرفراز بگٹی سے سوال کیا کہ نواز شریف بطور ملزم نہیں بلکہ سزا یافتہ مجرم کے طور پر وطن واپس آرہے ہیں، وہ عدالتوں کو مطلوب ہیں، کیا حکومت انہیں گرفتار کرے گی؟
سرفراز بگٹی نے جواب دیا کہ اس کام کے لیے کوئی زیادہ تیاری نہیں چاہیے، اگر کوئی ملزم وطن واپس آتا ہے اور جہاز سے اترتا ہے تو اس کو گرفتار کرنے کے لیے کوئی بہت بڑی فوج نہیں چاہیے ہوتی، ایئرپورٹ ایک حساس جگہ ہوتی ہے، ہم وہاں کسی ہجوم کو اکٹھا ہونے کی اجازت نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر عدالت سے نواز شریف کو ضمانت نہیں ملتی تو ہمیں انہیں گرفتار کرنا ہوگا اور میرا خیال ہے کہ وہ خود بھی گرفتار ہونا ہی چاہیں گے، ماضی میں بھی ایک بار ان کو معلوم تھا کہ انہیں گرفتار ہونا ہے لیکن وہ اپنی بیٹی کے ہمراہ وطن واپس آگئے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ برصغیر کے ایک ہی لیڈر ہیں جو گرفتاری سے گھبراتے ہیں، باقی تو میں نے آج تک نہیں سنا کہ کوئی لیڈر گرفتاری سے بھاگے، آپ اسے تعصب کا نام دیں یا جو بھی لیکن سچ تو یہی ہے۔
نواز شریف کی وطن واپسی پر نگران حکومت کی تیاری سے متعلق دوبارہ سوال کے جواب میں سرفراز بگٹی نے زور دے کر کہا حکومت، نواز شریف کی گرفتاری کے لیے تیار ہے۔