دسمبر 29, 2024

نئی جماعت بنائیں یا تحریک انصاف کا حصہ بن جائیں۔ پرویز الہی نے مشاورت شروع کر دی

سیاسیات-مسلم لیگ ق سے نکالے جانے پر چودھری پرویزالہیٰ نئی جماعت بنائیں گے یا پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوں گے، اس حوالے سے چودھری پرویزالہٰی نے دیگر رہنماوں کیساتھ مشاورت شروع کر دی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چودھری پرویزالہیٰ نے کہا ہے کہ وہ اپنے ساتھی ارکان کےاتفاق رائے پر فیصلہ کریں گے۔ عمران خان نے چودھری پرویز الہیٰ کو ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی جوائن کرنے کی پیشکش کی تھی۔

اس حوالے سے چودھری پرویزالہیٰ کی زیرصدارت گزشتہ شب ق لیگ کے ارکان کا اجلاس بھی ہوا۔ اجلاس میں مسلم لیگ ق کے الیکٹورل کالج کے تمام عہدیدار شریک تھے۔ اس اجلاس میں اس بات پر مشاورت کی گئی کہ وہ پی ٹی آئی میں شامل ہوں گے یا اپنی الگ سے جماعت بنائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شرکا نے پی ٹی آئی کیساتھ ضم ہونے کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں۔

اجلاس کے شرکاء نے پرویز الہٰی کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے تمام فیصلوں کا اختیار پرویز الہٰی کو دے دیا۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ق کے اجلاس میں مشاورتی عمل کو مزید بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا، اس کیلئے ضلع کی سطح پر پارٹی عہدیداران سے بھی مشاورت کی جائے گی، تمام ضلعی عہدیداران کے اجلاس منعقد کیے جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مسلم لیگ ہاؤس میں بھی عہدیداران کا اجلاس بلایا جائے گا، پرویز الہٰی خود بھی عہدیداران سے خطاب کریں گے، خواتین ونگ پنجاب کی صدر خدیجہ فاروقی خواتین عہدیداران سے مشاورتی عمل کا آغاز کریں گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی عہدیداران نے اعلان کیا کہ پرویز الہٰی ہمارے لیڈر ہیں، ان کیساتھ کھڑے ہیں۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

20 + fourteen =