سیاسیات- بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو صوبائی حقوق کے حصول کے لیے ایس آئی ایف سی سمیت تمام وفاقی پلیٹ فارمز پر بات چیت اور ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھنے اور سیکیورٹی اداروں سے تعاون کی ہدایت کردی۔
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف کی جانب سے میڈیا کو جاری تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے ہفتہ کے روزاڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی جس میں اہم سیاسی امور پر مشاورت کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے عمران خان سے اہم سیاسی امور پر ہدایات لیں، ملاقات کے دوران سینیٹ الیکشن میں خیبر پختونخوا سے ناموں پر مشاورت ہوئی اور وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے بانی پی ٹی آئی سے خیبر پختونخوا سے سینیٹ الیکشن کے لیے ناموں کی منظوری لی۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف کے مطابق وزیر اعلی علی امین گنڈاپور نے وزیر اعظم سے ملاقات کے بارے میں عمران خان کو تفصیلی بریفننگ دی، بانی پی ٹی آئی نے وزیر اعلی خیبرپختونخوا کو ہدایت دی کہ صوبائی حقوق کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں، وزیر اعلی نے آئندہ ہونے والے ایس آئی ایف سی اجلاس کی حوالے سے بھی مشاورت کی جس پر بانی پی ٹی آئی نے وزیر اعلی کو ہدایت دی کہ صوبائی حقوق کے لیے ایس آئی ایف سی اور دیگر وفاقی پلیٹ فارم پر بات چیت کا سلسلہ جاری رکھیں۔
مشیر اطلاعات کے مطابق ملاقات کے دوران صوبے میں امن وامان کے حوالے سے بات چیت ہوئی، ملاقات کے دوران بانی پی ٹی آئی نے شمالی وزیرستان میں ہونے والے حملے پر افسوس کا اظہار کیا اور وزیراعلیٰ کو ہدایت کی کہ صوبے میں سیکیورٹی صورتحال کی بہتری کے لیے ہر قسم اقدامات اٹھائیں۔
بیرسٹر سیف کے مطابق عمران خان نے وزیر اعلی کو ہدایت دی کہ سیکیورٹی معاملات میں سیکیورٹی اداروں کے ساتھ تعاون جاری رکھیں۔ وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے صحت کارڈ کی بحالی، اور رمضان پیکیج پر بھی بریفنگ دی جس پر عمران خان نے خوشی کا اظہار کیا۔