سیاسیات- آئی جی پنجاب عثمان انور نے دعویٰ کیا ہے کہ سانحہ سرگودھا اور جڑانوالہ واقعہ کی کڑیاں ہمسایہ ملک بھارت سے مل رہی ہیں۔
لاہور میں دونوں واقعات کی تفتیش میں پیشرفت کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے آئی جی پنجاب نے کہا کہ بھارت میں ہونے والے منی پور واقعہ سے توجہ ہٹانے کے لئے جڑانوالہ اور سرگودھا میں مذہبی فسادات کا پلانڈ منصوبہ بنایا گیا، پولیس نے جڑانوالہ اور سرگودھا میں واقعات میں ملوث تمام ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
آئی جی پنجاب عثمان انور کے سانحہ جڑانوالہ اور سرگودھا واقعہ سے متعلق اہم انکشافات کئے اور دعویٰ کیا کہ پاکستان میں مذہبی فسادات کا ڈرامہ بھارت کی جانب سے رچایا گیا، پولیس نے اس نیٹ ورک کو بریک کرکہ مذہبی فسادات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ سرگودھا واقعے میں ملوث ملزمان کے موبائل فون ریکارڈ سے انکشاف ہوا کہ ان مذہبی فسادات کے پیچھے ہمسایہ ملک کی سازش ہے۔ اس سازش کو پوری قوم نے ملکر ناکام بنا دیا ہے۔
عثمان انور کا مزید کہنا تھا کہ سانحہ جڑاوالہ میں ملوث ایک سو اسی ملزمان جبکہ سرگودھا واقعہ میں ملوث تین مرکزی ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے جن سے تفتیش جاری ہے۔