سیاسیات-سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کا جسد خاکی لانے والا خصوصی طیارہ رات کو کراچی ائیر پورٹ پہنچا۔
پرویز مشرف کی میت کو لانے والے طیارے نے کراچی ائیرپورٹ کے اولڈ ٹرمینل پر لینڈ کیا، دبئی سے آنے والے طیارے کا کال سائن ایم ایل ایم 567 تھا۔
خصوصی طیارے میں سابق صدر کی اہلیہ صہبا مشرف، صاحبزادے بلال مشرف اور صاحبزادی بھی ساتھ آئی ہیں۔
پرویز مشرف کی میت آل مکتوم انٹرنیشنل ائیرپورٹ دبئی سے مقامی وقت کے مطابق شام 7 بج کر 12 منٹ پر روانہ ہوئی۔
ذرائع کے مطابق سابق صدر کی نمازجنازہ کل دوپہر ایک بج کر 45 منٹ پر کراچی میں ادا کی جائے گی، ان کی نمازجنازہ پولوگراؤنڈ ملیر کینٹ میں ادا کی جائے گی۔
یاد رہے کہ سابق صدر پرویز جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف طویل علالت کے بعد گزشتہ روز قبل دبئی کے امریکن اسپتال میں 79 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے ۔
جنرل (ر) پرویز مشرف 7 اکتوبر 1998 کو چیف آف آرمی اسٹاف کے عہدے پر فائز ہوئے تھے، 12 اکتوبر 1999 کو وہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو ہٹا کر چیف ایگزیکٹو بنے اور بعد ازاں اپریل 2002 میں ریفرنڈم کراکے باقاعدہ صدر پاکستان منتخب ہوئے۔
سال 2004 میں آئین میں 17 ویں ترمیم کے ذریعے مزید 5 سال کے لیے پرویز مشرف باوردی صدر منتخب ہوئے، پرویز مشرف 18 اگست 2008 کو مستعفی ہوکر ملک سے باہر چلےگئے تھے۔