سیاسیات- سیکرٹری وزارت مذہبی امور ڈاکٹر سید عطا الرحمان کا کہنا ہے کہ حج کوٹہ رواں برس بھی پوری طرح استعمال نہیں کرسکیں گے لیکن کوشش کریں گے آئندہ برس پورا حج کوٹہ استعمال کریں ورنہ یہ کم بھی ہوسکتا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر عطاالرحمان نے کہا کہ اس سال 69 ہزار پاکستانی سرکاری حج اسکیم کے تحت فریضہ حج ادا کریں گے جب کہ پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت عازمین کی تعداد بھی جلد سامنے آجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس بار 40 روز کے ساتھ 20 سے 25 روز کا بھی حج متعارف کرایا ہے، اس بار عازمین حج پاکستان سے پری انسٹال موبائل سم کے ساتھ سعودی عرب جائیں گے جس سے وہ واٹس ایپ پر پاکستان کال کرسکیں گے جب کہ عازمین حج کو خصوصی فیچر والے بیگ بھی فراہم کیے جارہے ہیں۔
سیکرٹری مذہبی امور کا کہنا تھا کہ عازمین کو حج ایپ کی سہولت فراہم کی ہے جس میں فلائٹ شیڈول اور دیگر ضروری معلومات موجود ہیں، عازمین کو راستے سے بھٹکنے سے بچانے کے لیے حج ایپ سے مدد فراہم ہوگی جس میں حج ایپ سے ایک بٹن دبانے سے گم حاجی کی رہائش گاہ تک پہنچنے میں مدد ملے گی۔
ڈاکٹر عطاالرحمان نے مزید کہا کہ اس سال روڈ ٹو مکہ کی سہولت کراچی ائیر پورٹ پر بھی دستیاب ہوگی، منیٰ سے سرکاری حج اسکیم کے تحت تمام پاکستانی عازمین کو ٹرین کی سہولت ملے گی جب کہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کا بھی این ٹی ایس کے ذریعہ انتخاب ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ خدام الحجاج کے انتخاب کے لیے نیشنل ٹیسٹنگ سروس کی خدمات لی جارہی ہیں، مدینہ منورہ میں مناسب کرائے پر بہترین اور قریبی مقامات پر عمارتیں حاصل کی ہیں جب کہ ادویات اور ویکسین کی خریداری میں 15 کروڑ روپے کی بچت کی ہے۔