سیاسیات- پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خیبر پختونخوا میں صحافیوں کے خلاف پرتشدد واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
اپنے بیان میں بلاول کا کہنا تھاکہ خیبرپختونخوا میں صحافیوں کیخلاف پرتشدد واقعات میں اضافہ ناقابلِ برداشت ہے، متاثر صحافی مظالم کا ذمہ دارخیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ اورحکمران جماعت کو قرار دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صحافیوں پرمظالم سے صحافت کو دبانا فسطائیت پسند گروہوں کا وتیرہ ہوتا ہے، پی ٹی آئی آزاد صحافت سے خوفزدہ اور عوام سے مایوس ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اقتدار کیلئے غیرجمہوری ہتھکنڈے اختیار کرنا اور سازشیں کرنا پی ٹی آئی کی پہچان ہیں، اقتدار کی خاطر گرنے کیلئے پی ٹی آئی کی کوئی حد نہیں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھاکہ خیبرپختونخوا میں صحافیوں پر مظالم کے خلاف پی پی پی صحافیوں کے ساتھ ہے، پیپلزپارٹی آزادیِ صحافت پریقین رکھتی ہے اور صحافت کودبانےکی اجازت نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں صحافیوں کے تحفظ اور آزادی کیلئے ادارے اور پارلیمان کردار ادا کریں۔